پاکستان کے تمام علاقے سی پیک سے مساوی طورپر مستفید ہونگے

چین پاکستان دوستی کی راہیں آنیوالے دنوں میں مزید وسیع اور روشن ہوتی جائیں گی آئیے ہم اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے ہاتھوں میں ہاتھ ڈا ل کر آگے بڑھیں سی پیک کسی تیسرے فریق کیخلاف نہیں ،چینی سفیر کا چین کی سالگرہ کے موقع پر خطاب پاک چین تعلقات کے فروغ میں چینی سفیر کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، سپیکر ایاز صادق

بدھ 28 ستمبر 2016 16:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء ) پاکستان میں چین کے سفیر سن و ی ڈا نگ نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام علاقے چین پاکستان راہداری منصوبے سے مساوی طورپر فوائد حاصل کریں گے ، راہداری منصوبے پر نمایاں پیشرفت ہورہی ہے اور اب تک تیس بنیادی منصوبوں میں سے سولہ منصوبے یا تو مکمل ہو چکے ہیں یا تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ، ان منصوبوں پر چودہ ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ، ان منصوبوں کے ذریعے مقامی لوگوں کیلئے جہاں روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوئے ہیں وہاں پاکستان کی ترقی میں بھی یہ منصوبے عظیم کردار ادا کریں گے ، اپنے قائدین کی رہنمائی میں وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ کوششوں کے باعث چین پاکستان دوستی کی راہیں آنیوالے دنوں میں مزید وسیع اور روشن ہوتی جائیں گی ، آئیے ہم ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈا ل کر آگے بڑھیں اور اپنے مشترکہ خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کریں ، ہمیں اس سلسلے میں مشترکہ اور ان تھک جدوجہد کرنا ہو گی کیونکہ اب ہماری قسمت ایک دوسرے کے ساتھ وابستہ ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار چینی سفیر نے یہاں ایک استقبالیہ میں کیا جو چین کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر چین کی طرف سے دیا گیا تھا ، چینی سفیر کے استقبالیے میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی ایک ہزار سے زیادہ شخصیات جن میں اعلیٰ سول و فوجی حکام ، سفارت کار اور دیگر نے شرکت کی ،قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق مہمان خصوصی تھے ، دیگر شرکاء میں پنجاب کے گورنر رفیق رجوانہ ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر سیفران عبد القادر بلوچ ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبد الغفور حیدری ، جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق ، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک ، شیری رحمان ، لطیف کھوسہ ، نیب کے چیئرمین چوہدری قمرزمان اور سینیٹر مشاہد حسین سید شامل تھے ،اس موقع پر چینی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور حاضرین سے خوب داد حاصل کی ، اس موقع پر پاکستان اورچین کا قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا اور سٹیج پر معزز مہمانوں نے چینی قیام کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا ، اس موقع پر چین اور پاکستان کے ان ٹیکنیشنز اور انجنیئرز کا تعارف بھی کرایا گیا جو چین پاکستان راہداری منصوبے پر فعال طریقے سے عملدرآمد کیلئے مصروف کار ہیں ، قومی اسمبلی کے سپیکر نے اپنے افتتاحی کلمات میں چینی سفیر کے پرخلوص جذبات کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر آزمائش پر پورے اترنے والے گہرے تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے دن رات کام کیا ہے اور اب دونوں ممالک زندگی کے ہر شعبے میں باہمی اعتماد کے ساتھ ایک فائدہ مند تعاون کی طرف مسلسل بڑھ رہے ہیں ۔

چینی سفیر نے اپنے خطاب میں شاہراہوں کے نظریے کے پس منظر میں چینی رہنماؤں کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور کہا کہ روڈ اینڈ بیلٹ کامنصوبہ مستقبل کی بہتری کیلئے امید کی عظیم کرن ہے ۔انہوں نے چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات اور دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان مفاہمت کے فروغ پر وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے عزم کو بھی دوہرایا۔چینی سفیر نے مزید کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت دیگر تمام منصوبوں کی طرح راہداری منصوبہ بھی کھلے اور تعاون کا نظریہ ہے ، یہ کسی تیسرے فریق کیخلاف نہیں ہے اور نہ ہی یہ کسی کیلئے نقصان کا باعث ہے ، یہ اس علاقے کے عوام کیلئے ہر لحاظ سے فائدہ مند ہے کیونکہ اس سے صنعتی تعاون اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ حاصل ہو گا اور یہ خطے میں ترقی و خوشحالی کے فروغ کیلئے فعال کردار ادا کرے گا ، چینی عوام ہمیشہ اعلیٰ اقدار اور احترام کی بات کرتے ہیں ، ہم محنت پر زور دیتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہمارے الفاظ نہیں کام بولتے ہیں۔

چین سفیر سن و ی ڈانگ نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مستقبل قریب میں راہداری منصوبہ مزید سرمایہ کاری کے کی کشش پیدا کردے گا ، مزید کاروباری مواقع پیدا ہوں گے اور یہ ایک بڑے مقناطیس کی طرح زیادہ سے زیادہ مفاہمت کو فروغ دے گا ،یہ تبدیلیاں ہم اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے اور راہداری منصوبے کے فوائد ہمیں واضح طورپر دکھائی دیں گے ۔انہوں نے حکومت پاکستان کا اس بات کا شکریہ ادا کیا کہ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تعمیر کیلئے بھرپور کام کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی فوج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا خاص طورپر شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستانی اداروں میں اور اس منصوبے پر کام کرنے والے چینی افراد کیلئے ایک محفوظ ماحول فراہم کیا ہے ،میں پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیوں ، تھنک ٹینکس ، ذرائع ابلاغ اور تمام دوستوں کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے پاک چین دوستی اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے قابل قدر تعاون فراہم کیا ، چین کی تیز ترین ترقی کا ذکر کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ گذشتہ تیس برسوں کے دوران چین نے تیزی سے اقتصادی ترقی کی ہے اور عوام کے طرز زندگی میں پائیدار بہتری لائی گئی ہے ، چین 2010ء سے دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے اور اس نے معجزاتی انداز میں ترقی کی ہے جسے دنیا ”چینی سپیڈ“ کا نام دیتی ہے ، ہم پر امن ترقی پر یقین رکھتے ہیں ، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ دنیا کے تمام ممالک وہ چھوٹے ہوں یا بڑے ہمار ی نظر میں برابر ہیں ، ہم دنیا بھر میں باہمی مفادات اور ہر ایک کے فائدے کی کھلی حکمت عملی کے علمبردار ہیں ، ہم پر امن بقائے باہمی کے پانچ اصولوں کی بنیاد پر تمام ممالک کے ساتھ دوستی اور تعاون کو ترقی دینا چاہتے ہیں ، ہم نے ہمیشہ عالمی امن اور ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے ۔