پاکستان کو اپنا گھر تصور کرتا ہوں ، اعلیٰ سطح کے دوروں سے باہمی تعلقات مزید فروغ پائیں گے

بحرین کے وزیراعظم پرنس خلیفہ بن سلیمان الخلیفہ کی وزیر تجارت خرم دستگیر خان اور بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

بدھ 28 ستمبر 2016 15:11

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) بحرین کے وزیراعظم پرنس خلیفہ بن سلیمان الخلیفہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو اپنا گھر تصور کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں مزید وسعت اور اعلیٰ سطحی دوروں سے ہمارے تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ وہ گذشتہ روزوزیر تجارت خرم دستگیر خان اور بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔

وزیر تجارت پہلی پاکستان بحرین بزنس کانفرنس کی شریک صدارت کیلئے بحرین کے دورے پر تھے جس میں شاہی خاندان کے ارکان سمیت تقریباً 500 مندوبین نے شرکت کی۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کے وزراء تجارت، چیمبرز آف کامرس کے صدور، بحرین اور خلیجی علاقہ کے بڑے تجارتی گروپوں کے مالکان، چیف ایگزیکٹو افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

سفیر جاوید ملک نے کہا کہ بحرین کے دورہ کے دوران وزیر تجارت کا پرتپاک خیر مقدم پاکستان اور بحرین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کا مظہر ہے جس میں معاشی تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی۔

وزیر تجارت نے بحرین کے وزیراعظم کو وزیراعظم محمد نوازشریف کی نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے بحرین کے وزیراعظم کو پاکستان کی معیشت کے مثبت اشاریوں اور گزشتہ تین برسوں میں بڑھتے ہوئے استحکام اور ترقی سے بھی آگاہ کیا۔ سفیر جاوید ملک نے انہیں پاکستان بحرین بزنس کانفرنس کے حوالے سے آگاہ کیا جس کی بحرین کے وزیراعظم نے بڑی تعریف کی۔ بحرین کے وزیر تجارت زیدالزیانی اور شاہی خاندان کے ارکان سمیت بحرین کے وزیراعظم کے آفس کے سینئر حکام بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :