نریندر مودی کو وزیراعظم نے آئینہ دکھا دیا، انڈیا پوری دنیا میں تنہا رہ گیا،عابد شیر علی

بدھ 28 ستمبر 2016 14:56

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، نریندر مودی کو وزیراعظم نے آئینہ دکھا دیا، انڈیا پوری دنیا میں تنہا رہ گیا، اپنی حکمت عملی سے مسئلہ کشمیر حل کریں گے، ملک کا ہر پیروجواں و طن کی حفاظت کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، کشمیر پر مظالم کوئی نئی بات نہیں، بھارت نے ماضی میں بھی خلاف ورزیاں کیں اب دنیا کو اندھیرے میں نہیں رکھا جا سکتا۔ بھارت نے اگر پاکستان کو للکارنے کی غلطی کی تو پوری قوم پیروجواں پاک فوج کے ساتھ ملکر اپنے چپے چپے کی حفاظت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور بھارت دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی حکمت عملی سے بھارت کو دنیا کے سامنے نہ صرف ننگا کر دیا ہے بلکہ اقوام عالم کے سامنے اسے تنہا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پہلے بھی کشمیریوں کے حقوق کیلئے ٹھوس موقف پر قائم تھے اب بھی اس پر قائم ہیں۔