نومبر سے قبل تمام آئی ڈی پیز گھروں کو واپس چلے جائیں گے، فاٹا اصلاحات پر اراکین سے اچھی تجاویز کی توقع ہے

وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال

بدھ 28 ستمبر 2016 14:56

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ نومبر سے قبل تمام آئی ڈی پیز اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں گے، فاٹا اصلاحات پر اراکین سے اچھی تجاویز کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ کے سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ نومبر سے پہلے تمام آئی ڈی پیز اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں گے۔

زیادہ تر لوگ واپس جا چکے ہیں۔ ہم فاٹا ریفارمز پر تجاویز لے رہے ہیں۔ اراکین بھی اپنی تجاویز دیں۔ بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ فاٹا میں اتنے وسائل نہیں ہیں کہ اسے الگ صوبہ دیا جائے۔ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے کمیٹی نے اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ شگفتہ جمانی کے سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ فاٹا کے لئے 2015-16ء کے دوران 165 اسکیموں کے لئے 3 ارب 86 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے۔