وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی بہترین ترجمانی کی ‘ کشمیر نواز شریف اور راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد ہو گا ‘ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دیں گے

مسلم لیگ (ن) ضلع کوٹلی کے سیکرٹری اطلاعات شہباز حیدری اور راجہ فیصل حسن کا مشترکہ بیان

بدھ 28 ستمبر 2016 14:03

کوٹلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء) مسلم لیگ (ن) ضلع کوٹلی کے سیکرٹری اطلاعات شہباز علی حیدری،یوتھ ونگ کوٹلی سٹی کے جنرل سیکٹری راجہ فیصل حسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی بہترین ترجمانی کی ۔ کشمیر میاں نواز شریف اور راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد ہو گا ۔ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دیں گے ۔

میاں نواز شریف کے خطاب کے بعد بھارت نے سرخ جھنڈیاں اتار کر سفید جھنڈیاں لہرا دی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نیاپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا ۔ دونوں راہنماؤں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے تباہ حال پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت میں اضافہ ہوا تو وہ کشمیریوں کی حمائت میں اقوام متحدہ جا پہنچے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے عالمی برادری کو بھارت کے ظلم و ستم سے آگاہ کیا ۔ بھارت جو آزاد کشمیر اور پاکستان پر حملے کے لئے تیار بیٹھا تھا ۔ میاں صاحب کے خطاب کے بعد ٹھنڈا پڑ گیا ۔ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج نے سرخ جھنڈیاں لگا کر جنگ کا عزم ظاہر کر رکھا تھا ۔ اب وہاں سفید جھنڈیاں لہرارہی ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف اور راجہ فاروق حیدر کشمیر کی آزادی کے لئے سنجیدہ ہیں ۔ اور انھی کی قیادت میں کشمیر آزاد ہو گا ۔