نریندر مودی نے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دے کر اپنے کمینے پن کا ثبوت دیا ‘سوشلزم کا پرچار کرنے والا بھارت آج اقوام عالم کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے ‘اقوام متحدہ مودی کا سازشوں کا نوٹس لے

سابق وزیر ماحولیات وممبر اسمبلی شازیہ اکبر چوہدری کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 28 ستمبر 2016 14:03

کوٹلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء) سابق وزیر ماحولیات وممبر اسمبلی شازیہ اکبر چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دے کر اپنے کمینے پن کا ثبوت دیا ہے ،سوشلزم کا پرچار کرنے والا بھارت آج اقوام عالم کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے ،اقوام متحدہ مودی کا سازشوں کا نوٹس لے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ بھارت کئی عشروں سے کشمیری قوم کی نسل کشی میں مصروف عمل ہے لیکن کشمیریوں کی رائے تبدیل نہ کر سکا، خطہ کشمیر میں بسنے والے غیور عوام کے دل آج بھی پاکستانی قوم کے ساتھ دھڑکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے بغیر امن عام کسی صورت ممکن نہیں ہے انہوں نے کہا ہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں ہی مسئلہ کشمیر حل ہو گا ہم اپنے قائد ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کے مطابق جدوجہد جاری رکھیں گے بھارت گیڈر بھبھکیوں سے ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہاہے اسے خبر ہونی چاہیے کہ پاکستانی قوم کے سپوت اس انتظار میں ہیں کہ بھارت پہل کرے اور اسے ایسا سبق سکھائیں کہ دنیا دیکھتی رہ جائے ہم مودی جیسے کئی فرعونوں سے لڑ چکے ہیں آزادی ہماری منزل ہے اس راہ میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے ممبر اسمبلی نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ہم عملی جدوجہد کے قائل ہیں جب بھی ضرورت پڑی ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کریں گے