ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل آزادکشمیر فرحت علی میر کی زیر صدارت27اکتوبر کوبھارتی فوج کے مقبوضہ کشمیر میں فوجیں اتارنے کے دن کو”یوم سیاہ “کے طور پر منانے کے انتظامات کے حوالہ سے اجلاس کا انعقاد

بدھ 28 ستمبر 2016 14:01

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل آزادکشمیر فرحت علی میر کی زیر صدارت27اکتوبر کوبھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں فوجیں اتارنے کے دن کوہر سال کی طرح رواں سال بھی یوم سیاہ کے طور پر منانے کے انتظامات کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر محمودالحسن راجہ،سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ظہیر الدین قریشی، سیکرٹری سیراء سردار ظفر خان، سیکرٹری تعلیم سکولز ارشادقریشی،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات ،کمشنرزصاحبان ،ڈی آئی جیز ،ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھارت کی غاصب اور قابض پیراملٹری فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کو بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے لانے کے لیے ریاسست بھر میں بھرپور احتجاجی مظاہرے اور جلسے جلوس منعقد کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ یوم سیاہ کی تقریبات میں تمام سیاسی جماعتوں اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جائیگا۔

اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیرکے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھرپور اندازمیں خراج تحسین پیش کیا جائیگا اور انکی اخلاقی، سیاسی وسفارتی حمایت جاری رکھتے ہوئے انٹرنیشنل فورمز پر مسئلہ کشمیرکو بہتر انداز میں ا جاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات بھی کیے جائیں گے۔اجلاس میں بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کے استعمال،مسلسل کرفیو کے نفاذ ،نہتے کشمیریوں کے قتل عام، اغواء، خواتین کی آبروریزی اور ٹارچر سیلوں میں نوجوانوں کی اموات کی بھرپور مذمت کی گئی۔

یاد رہے کی بھارت نے 27اکتوبر1947کوعالمی قوانین کی خلاف ورزی اور کشمیری عوام کی آواز کو دباتے ہوئے اپنی فوجیں مقبوضہ کشمیر میں اتاریں اور ریاست کے نصف سے زائد حصے پر غاصبانہ قبضہ جما لیا تھا ۔بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف لائن آف کنٹرول کے دونو ں اطراف بسنے والے کشمیری ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :