مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرنے کی عالمی برادری کی پالیسی کے سنگین نتائج برآمد ہونگے،پیپلز موومنٹ

بدھ 28 ستمبر 2016 13:22

جموں ۔ 28 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور تعمیر و ترقی کی خاظر تنازعہ کشمیر کو اسکے تاریخی پس منظر میں حل کرنے کی راہ ہموار کریں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پیپلز موومنٹ کے قائمقام چیئرمین میر شاہد سلیم نے راجوری میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی برادری نے کشمیریوں کی قربانیوں اور مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرنے کی پالیسی ترک نہیں کی تو اسکے انتہائی سنگین نتائج نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات تسلیم کرنا ہو گی کہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور کشمیریوں نے کبھی بھی اسکے غیر قانونی قبضے کو تسلیم نہیں کیاہے۔

(جاری ہے)

میر شاہد سلیم نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی اور ناجائز قبضے خلاف گزشتہ ستر برس سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جبکہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے ان پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔

انہوں نے کہ بھارتی حکمران گزشتہ دو ڈھائی ماہ سے مقبوضہ علاقے میں جس طرح سے بے گناہ شہریوں کے خون کی ہولی کھیل رہے ہیں وہ نام نہاد بھارتی جمہوریت کے ماتھے پر ایک بدنما دھبہ ہے۔ ۔ میرشاہد سلیم نے کہا کہ بھارت کے وحشیانہ مظالم اور بدترین جبر و استبداد کے باوجود کشمیری حریت قیادت اور عوام کے حوصلے بلند ہیں اور انہوں نے شہداء کے مشن کی تکمیل تک جد وجہد جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔