خیبر پختونخواہ حکومت نے سگریٹ نوشی سے متعلق نیا قانون متعارف کروادیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 28 ستمبر 2016 12:28

خیبر پختونخواہ حکومت نے سگریٹ نوشی سے متعلق نیا قانون متعارف کروادیا

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 ستمبر 2016ء): خیبر پختونخواہ حکومت نے سگریٹ نوشی سے متعلق نیا قانون متعارف کروادیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق س نئے قانون کے تحت عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد ہو گی جبکہ تعلیمی اداروں کے سو میٹر کے احاطے میں کوئی دکاندار نہ تو سگریٹ رکھ سکے گا اور نہ ہی سگریٹ کو فروخت کیا جا سکے گا۔ اس سلسلے میں خیبر پختونخواہ اسمبلی میں بل پیش کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بل کے منظور ہونے کے بعد اس قانون کی شکنی کرنے والوں کو 5 سے 20 ہزار روپے تک جُرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ تین ماہ قید کی سزا بھی ہو گی۔اسمبلی میں پیش کیے گئے بل کی منظوری کےبعد ریسٹورنٹس ، پارکس اور کسی بھی عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کو جُرم تصور کیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو 10 ہزار روپے تک جرمانہ ادا کرنا ہوگا، اس بل کے تحت منظوری کے بعد 18 سال سے کم عمر کے افراد بھی سگریٹ فروخت کرنے کے اہل نہیں رہیں گے۔ اس قانون کے تحت نہ صرف سگریٹ نوشی پر پابندی عائد ہو گی بلکہ سگار، شیشہ اور سگریٹ پائپ وغیرہ کا بھی عوامی مقامات پر استعمال ممنوع قرار دیا جائے گا۔