پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں منظور وٹو کی کسان اتحاد کے صدر کی گرفتاری پر شدید الفاظ میں مذمت

حکومت فوری طورپر کسان رہنما کو رہا کرے ،پرامن احتجاج ہر پاکستانی کا حق، جس کی اجازت آئین اور قانون دیتا ہے،منظور وٹو

منگل 27 ستمبر 2016 23:15

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں منظور احمد وٹو نے کسان اتحاد کے صدر خالد کھوکھر کی گرفتاری پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت فقری طورپر کسان رہنما کو رہا کرے پرامن احتجاج ہر پاکستانی کا حق ہے جس کی اجازت انہیں پاکستان کا آئین اور قانون دیتا ہے انہوں نے مزید کہاکہ مسلم لیگ ن کی کسان دشمن پالیسیوں نے ملک کی زراعت کا جنازہ نکال دیا ہے پنجاب کے ہر طبقے کو اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے احتجاج اور سڑکوں پر آنے پر مجبور کیا جا رہا ہے پنجاب حکومت کسی کو بھی اُن کے حقوق دینے کو تیار نہیں زرعی ملک ہونے کے باوجود کسان کی حالت زار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی حکومت کسان پیکج کے نام پر کسانوں کو دھوکا دے رہی ہے۔ حکمرانوں کے کسان پیکج ڈھونگ ثابت ہوئے ہیں کسان حکمرانوں کی پالیسیوں پر سراپا احتجاج ہیں حکمران کسانوں کے جائز مطالبات کو فلفور تسلیم کرے اور اُن کے معاشی استحصال سے گریز کرے۔