اسلام امن و آشتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ،ڈی سی او سیالکوٹ

منگل 27 ستمبر 2016 22:08

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر - 2016ء) ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ اسلام امن و آشتی، عفو و درگذر، حسن اخلاق اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔مسلمان اور دین اسلام امن کی علامت ہیں اسلئے مسلمانوں کوامن کا داعی اور پیامبر ہو ناچاہئے۔ محرم الحرام کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے مقررین اپنے بیانات میں اتحاد بین المسلمین کو ملحوظ خاطر رکھیں اور کسی قسم کا اختلافی پہلو بیان نہ کریں جس سے کسی دوسرے فرقے کے لوگوں کی دل آزاری یا جذبات کو ٹھیس پہنچے اور معاشرے کا امن برباد ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منعقدہ ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اراکین صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام، ذوالفقار غوری، ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ میثم عباس، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ راوٴ سہیل، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال توقیر الیاس چیمہ ، اسسٹنٹ کمشنر پسرور ظہیر لیاقت ، کوآرڈینیٹر امن کمیٹی سیالکوٹ حافظ اصغر علی چیمہ، مولانا عقیل احمد ظہیر، غلام حید ر خادمی، مولانا فیض علی کرپالوی، ماسٹر فیض احمد، ملک ذاکر حسین اعوان، سید نجم گیلانی، حافظ کفایت اللہ شاکر، حافظ عبدالغفار، مولانا ایوب خاں، علامہ مصدق قاسمی، سید شبیر گیلانی ، احسان الٰہی رحمن، ڈاکٹر نجیب احمد ہاشمی اور حکیم رتن کمار کے علاوہ مختلف مذاہب کے عمائدین نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران ضلع سیالکوٹ میں امن وامان برقرار رکھنا انتظامیہ ، پولیس سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دین اسلام امن آشتی کا درس دیتا ہے اور معاشرے میں کسی بھی قسم کی بدامنی اور جارحیت کی اجازت نہیں دیتا اسلئے علماء کرام کو چاہئے کہ وہ اختلافی مسائل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کیلئے کام کریں اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق قائم رکھیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہم کو اپنے عمل سے ثابت کرنا ہے کہ ہم پوری طرح متحد ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی ۔ ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر محمد عابد خاں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے صوبہ میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کی رضا مندی سے ضابطہ اخلاق مرتب کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ علماء کرام پر زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی خود بھی پابندی کریں اور اس دوسروں کو بھی قانون کی پاسداری کی ترغیب دیں ۔

انہوں نے کہاکہ محرم الحرام میں منعقد کئے جانے والی مجالس، جلوسوں، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں میں ہر قسم کی اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی۔ اجلاس سے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور عمائدین نے خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں امن ، مذہبی رواداری اور برداش کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں یقین دلایا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :