پی ٹی آئی کے رائے ونڈ مارچ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ، اسٹیج کی تیاری کیلئے کنٹینر پہنچا دیئے گئے ، دیگر تیاریاں جاری

منگل 27 ستمبر 2016 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 ستمبر۔2016ء) تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ، اسٹیج کی تیاری کے لئے کنٹینر بھی پہنچا دیئے گئے ، لائٹنگ کے انتظامات جاری ہے ،اڈہ پلاٹ پہنچنے کا پلان تیار کر کے رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں جبکہ پولیس نے سکیورٹی پلان بھی مرتب کر لیا ،ساڑھے 7ہزار سے زائد ہلکار اور 450 ٹریفک آفسران اور وارڈنز تعینات کے جائیں گے، جاتی امراء جانے والے راستوں کو سیل کر دیا جائیگا ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کے لئے وزیراعظم نوازشریف کی رہائش گاہ سے چار کلومیٹر کے فاصلے پر بنائے جانے والے اسٹیج کا رخ ٹھوکر نیاز بیگ کی طرف رکھا گیا ہے۔تحریک انصاف جلسے کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی خصوصی انتظامات کررہی ہے اور اس حوالے سے پارٹی کے اپنے کارکن فرائض انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

تیس ستمبر کو ہونے والے احتجاج کے لئے کپتان کے کھلاڑیوں کا جوش و خروش بھی عروج پر ہے۔

15کنٹینرز، خار دار تاریں، لوہے کے پائپس اور لوہے کی چادریں بھی اڈا پلاٹ جلسہ گاہ میں پہنچا دی گئی ہیں۔اس کے ساتھ جلسے کی تیاریوں کی لئے رائیونڈ رو ڈ پر اڈہ پلاٹ سے بھوبتیاں چوک تک گرین بیلٹ پر فولادی چادریں لگائی جا رہی ہیں ، جلسہ گاہ پر روشنی کے انتظام کے لیے لائٹیں بھی پہنچا دی گئیں۔اڈا پلاٹ تک کیسے اور کس طرح پہنچنا ہے یہ حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے جبکہ راستے بند ہونے کی صورت میں پی ٹی آئی نے پلان بی بھی ترتیب دے دیا ہے۔

اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔ خیبر پختونخواہ سے آنے والے قافلوں کی قیادت وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کریں گے، جنوبی پنجاب کے قافلے شاہ محمود قریشی اور اسحاق خاکوانی کی قیادت میں مارچ کریں گے، عارف علوی، فردوس شمیم اور عمران اسماعیل سندھ کے قافلے لیکر رائیونڈ پہنچیں گے۔بلوچستان کا قافلہ یار محمد رند کی قیادت میں پہنچے گا، فیصل آباد سے چوہدری سرور، ساہیوال سے اعجاز چوہدری، راولپنڈی سے عامرکیانی اور لاہور سے قافلوں کی قیادت علیم خان کریں گے۔

چیئرمین عمران خان زمان پارک لاہور سے رائیونڈ پہنچیں گے۔دوسری جانب پولیس نے رائیونڈ مارچ کے لئے سکیورٹی پلان بھی مرتب کر لیا ہے جس کے مطابق 6ایس پیز ،12ڈی ایس پیز ،30 ایس ایچ اوز سمیت 7ہزار 600سکیورٹی اہلکارڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ خواتین کی سکیورٹی کے لیے لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہوں گی۔ٹریفک پولیس ایس پیز ،ڈی ایس پیز اور وارڈن سمیت450آفسران اور وارڈن مقررہ جگہوں پر تعینات کرے گی۔سکیورٹی پلان کے مطابق جاتی امراء جانے واے تمام راستوں کو سیل کر دیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے کارکن جلسہ گاہ جانے کے لیے خیابان امین ،فضائیہ سوسائٹی اور لیک سٹی تک اپنی گاڑیوں میں آئیں گے ۔اس سے آگے جلسے کے شرکاء پیدل سفر کرکے اڈہ پلاٹ پہنچ سکیں گے۔