بھارتی وزیر خارجہ کا بیان ، سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کی تجویز پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر حکومت سے رائے طلب کرلی

منگل 27 ستمبر 2016 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 ستمبر۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بیان پربحث کیلئے اپوزیشن لیڈر کی جانب سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تجویز پر حکومت سے رائے طلب کرلی۔ منگل کو اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر نے نکتہ اعتراض پرسشما سوراج کے بیان پر اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا جس پر سپیکر نے وزیر قانون زاہد حامد سے کہا کہ وہ مشترکہ اجلاس کے حوالے سے اپوزیشن کو اعتماد میں لیں اور قائد حزب اختلاف کا مطالبہ حکومت تک پہنچائیں۔

زاہد حامد نے کہا کہ وہ اس حوالے سے مشاورت کر کے ایوان کو آگاہ کر دیں گے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ فاٹا کے معاملے پر ایڈوائزری کمیٹی میں فیصلہ ہوگیا تھا۔ بھارتی وزیر خارجہ نے ایٹمی دھمکی دی ہے۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر جلد از جلد بحث ہونی چاہئے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کشمیر ایک اہم مسئلہ ہے، ہمارے اندرونی حالات بھی مشترکہ اجلاس میں زیر بحث آنے چاہئیں۔

مشترکہ اجلاس کو صرف کشمیر تک محدود نہیں رکھنا چاہئے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کیساتھ بلوچستان سمیت دیگر امور بھی زیر بحث لائے جا سکتے ہیں۔ شیر اکبر خان نے کہا کہ ساری قوم اور سیاسی قیادت کشمیر کے معاملے پر متفق ہے۔ مشترکہ اجلاس جمعہ کو طلب کیا جائے۔ وسیم حسین نے کہا کہ بھارت دھمکیوں پر دھمکیاں دے رہا ہے جلد مسئلہ کو زیر بحث لایا جائے۔ سپیکر نے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر مشاورت کے ساتھ مشترکہ اجلاس کی تاریخ اور ایجنڈا طے کرنے کی ہدایت کی۔