مسئلہ کشمیر بہت اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے، بھارت پاکستان پر دباؤ بڑھا رہا ہے، سید خورشید شاہ

منگل 27 ستمبر 2016 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 ستمبر۔2016ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر پیر سے مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بہت اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے، بھارت کئی طریقوں سے پاکستان پر دباؤ بڑھا رہا ہے مشترکہ اجلاس میں ہم کھل کر بحث کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرسید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ کشمیر کامسئلہ بہت اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے، عالمی سطح پر اور سفارتی سطح پر اس حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے۔

بھارت کئی طریقوں سے پاکستان پر دباؤ بڑھا رہا ہے، گزشتہ روز بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ایک بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا اگر پیر سے مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے تو ہم کھل کر بحث کر سکیں گے۔ یہ پاکستان اور ہماری بقاء کا مسئلہ ہے۔