مشیر قومی سلامتی لیفٹننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کی زیر صدارت اجلاس اختتام پذیر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 27 ستمبر 2016 16:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 ستمبر 2016ء):وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر قومی سلامتی لیفٹننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق اس اجلاس میں ایڈشنل سیکٹری قومی سلامتی خوشدل خٹک، نیکٹا کے سربراہ احسان غنی، ایف آئی اے کے سربراہ محمد عملیش، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کمیٹی کے اراکین سمیت انٹیلی جنس اداروں اور مختلف وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر قومی سلامتی کی زیر صدارت اس اجلاس میں سائبر کرائم ایکٹ پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمات ایف آئی اے درج کرے گی۔ سائبر کرائم کے نفاذ اور اس پر عملدرآمد کے لیے ایف آئی اے کی صلاحیت کو مزید بڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

جس سے متعلق وزارت داخلہ ایف آئی اے حکام کو اختیارات کا نوٹی فکیشن جاری کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزارت قانون صوبائی چیف جسٹسز سے رابطہ کریں گے۔ وزارت قانون سائبر کرائم مقدمات کی سماعت کے لیے ججز کا تعین کرے گی۔مزید یہ کہ اس اجلاس میں سائبر کرائم ایکٹ پر عملدر آمد کے لیے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے ، علاوہ ازیں سائبر کرائم کا مقدمہ کیسے درج ہو گا اور اس کے خلاف کارروائی کیسے ہو گی یہ تمام امور طے کرنے کے لیے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ جبکہ ایف آئی اے ، وزارت قانون اور مذہبی امور کو مکینزم کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کی مہلت بھی دے دی گئی ہے۔