مقبوضہ کشمیر بھارت کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے‘ سینیٹر سراج الحق

منگل 27 ستمبر 2016 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے‘ پاکستانی حکومت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے چند مخصوص افراد سے مشاورت کی بجائے مکمل ریاستی پالیسی اپنائے‘ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے احتجاج و جلسوں کا مقصد کرپشن فری پاکستان بنانا ہے‘ حکومت پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے کمیشن تشکیل دے‘ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران کلبھوشن کا ذکر کیوں نہیں کیا‘ حکومت ہمارے فیصل آباد جلسے اور تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالے۔

وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل بند کمرے سے نہیں بلکہ پارلیمنٹ سے نکلے گا۔

(جاری ہے)

حکومت مسئلہ کشمیر پر کمروں میں اپنے چند خاص لوگوں سے مل کر پالیسی بنانے کی بجائے مکمل ریاستی و اجتماعی پالیسی بنائے اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت جس طرح سے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے واضح ہوگیا ہے کہ اب مقبوضہ کشمیر اس کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے۔

90لاکھ پاکستانی دوسرے ملکوں میں کام کررہے ہیں وہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے وہاں کی عوام کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور بنگلہ دیش نے 1971ء کے سہ فریقی معاہدوں کی خلاف ورزی کی پاکستان سے محبت کرنے والوں کو چن چن کر سزائے موت دی جارہی ہے۔ بھارت میں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں تامل ناڈو میں لاکھوں لوگ آزادی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

بھارت نے پاکستان کے خلاف جو محاذ کھولا ہے اسے شکست ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں کلبھوشن یادیو کا ذکر کیوں نہیں کیا۔ پاکستان کو تمام فورمز پر بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر اٹھانا چاہئے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے احتجاج و دھرنوں کا مقصد کرپشن فری پاکستان بنا کر آئندہ نسل کو دینا ہے۔ تیس ستمبر کو ہمارا فیصل آباد جلسہ اور تحریک انصاف کا رائے ونڈ مارچ مکمل پرامن ہے۔ حکومت ہمارے احتجاج میں رکاوٹیں نہ ڈالے اور جمہوری کلچر کو فروغ دے۔