بھارت کشیدگی کا سہارا لیتے ہوئے مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے،وفاقی وزیر داخلہ

منگل 27 ستمبر 2016 16:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے،بھارت کشیدگی کا سہارا لیتے ہوئے مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے،بیہمانہ ریاستی جبرسے نہ تو کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جد و جہد کو دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی پاکستان کو اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے روکا جا سکتا ہے، الطاف حسین کے معاملے پر حکومتِ برطانیہ کا جواب حوصلہ افزاء ہے ۔

وہ منگل کو لارڈ نذیر احمد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ، ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار اور انکو درپیش مسائل اور موجودہ پاک بھارت تناؤپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ الطاف حسین کے معاملے پر حکومتِ برطانیہ کا جواب حوصلہ افزاء ہے، امید ہے آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مزید پیش رفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کی بنیادی وجہ آج بھی مسئلہ کشمیر ہے۔ بھارت کشیدگی کا سہارا لیتے ہوئے مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بیہمانہ ریاستی جبرسے نہ تو کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جد و جہد کو دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی پاکستان کو اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے روکا جا سکتا ہے۔ملاقات میں لارڈ نذیر احمد نے بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے سلسلے میں وزیرداخلہ کی ذاتی کاوشوں اور کردار کو سراہا۔