موریطانیہ میں ایک باپ نے بیٹی کے حق مہر میں‌دولہے سے 10 لاکھ مرتبہ درود شریف پڑھنے کا مطالبہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 27 ستمبر 2016 15:54

موریطانیہ  میں ایک باپ نے بیٹی کے حق مہر میں‌دولہے سے 10 لاکھ مرتبہ درود ..

موریطانیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 ستمبر 2016ء): افریقی ملک موریطانیہ میں ایک شخص نے سچے عاشق رسول صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ہونے کا ثبوت پیش کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق موریطانیہ میں ہوئی ایک شادی کے شرکا اس وقت سبحان اللہ کہنے پر مجبور ہو گئے جب انہوں نے سنا کہ دلہن کے والد نے بطور حق مہر دولہے سے 10 لاکھ مرتبہ درود شریف پڑھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

العربیہ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق دلہا ایک تعلیم یافتہ نوجوان ہونے کے باوجود بے روزگار ہے جس کی وجہ سے اس کے سسر نے حق مہر میں کوئی جائیداد یا رقم کا تقاضا کرنے کی بجائے اپنے داماد سے 10 لاکھ مرتبہ درود شریف پڑھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دولہے کے سسر نے اس انوکھے حق مہر کو نکاح فارم میں درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ موریطانیہ میں حق مہر کی اس انوکھی شرط کو سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔

کچھ صارفین نے اس کے حق میں بیان دئے لیکن کچھ صارفین نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حق مہر لڑکی کا حق ہے اور اس میں شریعت کے مطابق رقم کا اندراج کیا جانا چاہئیے۔ خیال رہے کہ حق مہر مذہب اسلام کی ہی ایک اصطلاح ہے جسے نکاح کے وقت مر دکی جانب سے عورت کے لیے مختص کر کے نکاح نامے میں درج کیا جاتا ہے۔