کشمیر کے مسئلے پر پیر کو پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلایا جا ئے ، خورشید شاہ

منگل 27 ستمبر 2016 14:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 ستمبر۔2016ء) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے ایوان زریں میں نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر فی الفور بروز سوموار پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلایا جانا چاہئے اور بھارت کے ساتھ موجودہ کشیدگی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بحث کی جا سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایوان زریں کے اجلاس میں کیا انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بہت زیادہ اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے گزشتہ روز بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر بھی سامنے رکھی جائے وزیر اعظم کو یو این جانے سے پہلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے تھا اور کشمیر ایشو پر گفتگو کرنے کے لئے ایک جوائنٹ سیشن بلایا جائے تاکہ کشمیر مسئلے پر کھل کر بحث کی جائے یہ کسی پارٹی کا مسئلہ نہیں بلکہ پاکستان کا مسئلہ ہے جس میں تمام پارٹیاں متفق ہیں اس موقع پر وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ فاٹا کے لئے پہلے ہی جوائنٹ سیشن بلایا ہے اس کے بعد اسے بھی کر لیتے ہیں جس پر سید خورشید شاہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک اہم مسئلہ ہے اس پر پہلے بات کرنی چاہئے جبکہ شیریں مزاری نے حکومت کو مسئلہ کشمیر پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکومتی وزراء کی اہم مسائل پر خاموشی اور غیر سنجیدہ رویہ قابل برداشت نہیں ہے بھارت کے ساتھ تعلقات کشیدہ سے کشیدہ ہو رہے ہیں اور بھارت ہمارے ملک کا پانی بند کرنے کے درپے ہے اس لئے اہم انتہائی اقدامات اٹھانے ہوں گے اور فارن پالیسی کو مضبوط کرنا ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ بہت اہمیت کا حامل ہے لیکن اس کے علاوہ بھی ملک میں بے چینی کی فضاء ہے بلوچستان کے پی کے کے عوام کے مسائل بھی حل کئے جائیں جس پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ بھارت نے تو پانی روکنے کی دھمکی دے دی ہے جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر بڑی اہمیت اختیار کر گیا ہے ۔