سی پیک ریلوے منصوبے خطے کی سماجی و اقتصادی حالت پر مثبت اثرات مرتب کریں گے، وفاقی وزیر احسن اقبال کی بیجنگ میں چینی ریلوے سربراہ سے اہم ملاقات،سی پیک کی تاریخ میں وفاقی وزیر احسن اقبال کا نام سنہرے حروف سے لکھا جائے گا، چینی حکام کا اقتصادی راہداری منصوبے کی پیش رفت پر اظہارِ اطمینان

منگل 27 ستمبر 2016 14:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے ریلوے منصوبوں کو پاک چین اقتصادی راہداری کیلئے کلیدی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے منصوبوں کی بدولت خطے کے عوام کی سماجی و اقتصادی حالت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ میں چائنیز نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن کے سربراہ لوتونگ فو سے اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، پاکستانی سفیر مسعود خالدسمیت دونوں اطراف کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران کراچی تا پشاور ریلوے لائن (ایم ایل ون) کی اپ گریڈیشن سمیت بعض نئے منصوبوں پر مذاکرات کئے گئے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے آگاہ کیا کہ اقتصادی راہداری کے تحت انرجی اور انفراسٹرکچر کے بیشتر منصوبے آئیندہ برس کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف بذاتِ خود اقتصادی راہداری منصوبوں کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں، چین کے وزیر ریلوے نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی سی پیک منصوبے کی کامیابی کے لئے ان کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں سی پیک منصوبے کی کامیابی کیلئے وفاقی وزیر احسن اقبال کی خدمات کوسنہرے حروف سے لکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران دونوں دوست ممالک نے سی پیک منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :