سی پیک پراجیکٹس پر عملدرآمد جاری ہے، ریلوے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا اہم ذریعہ ثابت ہو گا، وزیراعظم نوازشریف ذاتی طور پر سی پیک کے تحت منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں،سی پیک سے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور ہمسایہ ممالک کو چین کے ساتھ سستے داموں تجارت کرنے میں مدد ملے گی

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی چین کی نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن کے ایڈمنسٹریٹر لوڈانگ فو سے گفتگو

منگل 27 ستمبر 2016 14:01

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک پراجیکٹس پر عملدرآمد جاری ہے اور ریلوے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا اہم ذریعہ ثابت ہو گا، وزیراعظم نوازشریف ان منصوبوں پر پیش رفت کا ذاتی طور پر جائزہ لے رہے ہیں جس میں توانائی اور شاہرات کے منصوبے بھی شامل ہیں جو 2017-18ء میں مکمل ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بیجنگ میں چین کی نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن کے ایڈمنسٹریٹر لوڈانگ فو کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کراچی تا پشاور ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن سمیت بعض نئے منصوبوں پر مذاکرات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹس کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور ہمسایہ ممالک کو چین کے ساتھ سستے داموں تجارت کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت چین اور پاکستان کے مابین توانائی اور انفراسٹرکچر کے کئی منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے جس میں کئی منصوبے 2017-18ء تک مکمل ہو جائیں گے۔ اس موقع پر چین کے وزیر ریلوے نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی سی پیک کے منصوبے کی کامیابی کیلئے ان کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی کامیابی کیلئے وفاقی وزیر کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ان دنوں پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بعض اہم منصوبوں پر مذاکرات کیلئے تین روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ میں ہیں۔