وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اور احسن اقبال کی چین کی نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن کے ایڈمنسٹریٹر لوڈانگ فو سے ملاقات، ریلوے کے شعبے میں تعاون پر بات چیت

منگل 27 ستمبر 2016 14:01

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کے ہمراہ چین کی نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن کے ایڈمنسٹریٹر لوڈانگ فو کے ساتھ ملاقات کی۔ وزیر ریلوے جو ان دنوں چین کے دورے پر ہیں نے دونوں ممالک کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون بالخصوص ایم ایل ون، کراچی، پشاور ریلوے پراجیکٹ پر بات چیت کی اور توقع ظاہر کی کہ اس منصوبے پر تیزی سے کام ہو گا جو بلٹ ٹرین سپیڈ کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریلوے پراجیکٹ سی پیک کمیونیکیشن انفراسٹرکچرز کا بنیادی حصہ ہے اور علاقائی روابط کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ ملاقات کے دوران ایم ایل ون کراچی پشاور ریلوے پراجیکٹ سمیت ریلوے کے مختلف منصوبوں اور ان پر تیزی سے عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ لوڈانگ فو نے کہا کہ سی پیک پر بڑی پیش رفت ہو رہی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے جس سے خطے میں زبردست معاشی ترقی ہو گی۔ اس موقع پر چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد، وزارت ریلوے کے اعلیٰ حکام اور چین کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔