Live Updates

عمران خان کو وزیراعظم کی کرسی کی طرح شادی کی شیروانی بھی نہیں ملنی، رانا مشہود

منگل 27 ستمبر 2016 13:27

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء ) پنجاب کے وزیر تعلیم رانا مشہود نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا مارچ شادی پر اختتام پذیر ہوتا ہے لیکن جیسے انہیں وزیراعظم کی کرسی نہیں ملی ویسے ہی شادی کی شیروانی بھی نہیں ملنی۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرتعلیم نے ایک تیر سے دو شکار کرتے ہوئے کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ طاہر القادری عمران خان کیلئے لڑکی ڈھونڈ رہے ہیں ۔

عمران خان کا مارچ شادی کرنے پر اختتام پزیر ہوجاتا ہے جس طرح انہیں وزیراعظم کی کرسی نہیں ملی اسی طرح اب انہیں شادی کی شیروانی نہیں ملے گی۔ بھارتی جارحیت کے بارے میں رانا مشہود کا کہنا تھا کہ اگر انڈیا نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی توعالمی اداروں پر بھروسہ اٹھ جائیگا۔

(جاری ہے)

ملتان میں اسکولوں کے دورے پر آئے رانا مشہود کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے صوبے کے خستہ حال اسکولوں کیلئے آٹھ ارب روپے جاری کئے ۔

اس بجٹ سے چھتیس ہزار نئے کلاس رومز بنائے جائیں گے۔ سترہزار سے زائد اساتذہ کو بھی بھرتی کیا جائیگا جبکہ اسکولوں میں صاف پانی مہیا کرنے کے لئے واٹرفلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے ۔اس موقع پرانہوں نے اس بات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ پاک ترک اسکولوں کی بندش کی باتیں بے بنیاد ہیں۔قبل ازیں صوبائی وزیر تعلیم نے ملتان کے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا اور وہاں تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات