پی ٹی آئی نے تفریح گاہوں میں ناقص سکیورٹی کے حوالے سے ایک اور تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی

منگل 27 ستمبر 2016 12:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 ستمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے تفریح گاہوں میں ناقص سکیورٹی کے حوالے سے ایک اور تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی ۔ رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس کی طرف سے جمع کروائی گئی تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق سانحہ گلشن اقبال پارک کے باوجود بھی صوبا ئی دارالحکومت کے پیشتر تفریحی مقا مات کی سکیورٹی ایک سوالیہ نشان بن کر ر ہ گئی ہے اور لاہور شہر کے تمام بڑے تفریحی پارکس کے مرکزی دروازوں پر سکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہے اور بیشتر مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نہیں لگائے گئے۔

لاہور چڑیا گھر ،عجا ئب گھر ،سفاری پارک ،جہانگیر مقبرہ سمیت دیگر تفریحی مقا مات کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنا نے کی ضرورت ہے اکثر تفریحی مقامات کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ بھی نصب نہیں ہیں اور اگر کسی جگہ پر یہ گیٹ نصب ہیں بھی تو ان میں سے زیا دہ تر کے خراب ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ میٹل ڈی ٹیکٹرز بھی دستیاب نہیں ہیں،شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

(جاری ہے)

کم خرچ میں ذہنی آسودگی حا صل کر نے کے لئے لو گ پا رکس کا رخ کر تے ہیں لیکن سا نحہ گلشن اقبال نے تو ہم لو گوں کو ویسے ہی جھنجھوڑ کے رکھ دیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کی رکن اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے بھی تفریح گاہوں میں ناقص سکیورٹی کے حوالے سے تحریک التوئے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی تھی۔