پاکستان دہشت گردی کیخلاف سنجیدہ اور موٴثر جنگ لڑ رہا ہے: امریکہ

منگل 27 ستمبر 2016 12:17

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 ستمبر۔2016ء) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان براہ راست بات چیت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرکے براہ راست مذاکرات کریں، پاکستان کو تمام دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہو گی۔ دارالحکومت واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔

دونوں ممالک کو تناوٴ کے خاتمے کیلئے براہ راست بات چیت کرنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا امریکا کی توجہ دہشت گردی کیخلاف پاکستانی سیکورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان دہشت گردوں کے خلاف سنجیدہ اور موٴثر جنگ لڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو تباہ کرنا ہو گا اور تمام دہشتگرد گروہوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرنی ہو گی. مارک ٹونر نے اس بات پر پھر زور دیا کہ پاکستا ن ان گروپوں کے خلاف بھی کارروائی کرے جو اس کے ہمسایہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام شدت پسندوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرے۔ترجمان امریکی محکمہ خا رجہ مارک ٹونر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے آگاہ ہیں۔ تعلقات معمول پر لانے میں ہی دونوں ملکوں کی بہتری ہے۔کشیدگی کم کر کے پاکستان اور بھارت براہ راست مذاکرات کریں۔ماارک ٹونر نے بتایاکہ پاک روس یا امریکا بھارت فوجی مشقیں جوابی کارروائی یاکسی گریٹ گیم کاحصہ نہیں ہیں۔ہم بھارت کیساتھ قریبی تعلقات کو آگے بڑھا رہے ہیں اور یہ تعلقات دوطرفہ اورکثیرجہتی تعلقات ہیں۔

متعلقہ عنوان :