لاہور ہائیکورٹ کا گریڈ اٹھارہ کے افسران کو انیس میں ترقی نہ دئیے جانے کے خلاف دائر درخواست پرسیکرٹری صحت پنجاب کا جواب مسترد کر دیا،،،عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ملک کا حصہ کیوں تسلیم نہیں کیا جاتا عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ صوبائی سلیکشن بورڈ کے اجلاس کی تاریخ کیوں مقرر نہیں کی جا رہی۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 27 ستمبر 2016 11:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 ستمبر۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزاروں کے وکیل علی عمران بھٹی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ گریڈ اٹھارہ کے افسران کو عدالتی حکم کے باوجود اگلے عہدوں میں ترقی نہیں دی جا رہی۔سیکرٹری صحت پنجاب کی جانب سے سرکاری وکیل نے جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ اگلے عہدوں میں ترقی کے لئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو سنیارٹی لسٹ کی فراہمی کے لئے لیٹر لکھ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق صوبائی پرموشن بورڈ کا اجلاس بھی جلد منعقد ہو رہا ہے۔عدالت نے سیکرٹری صحت پنجاب کا جواب مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالتی حکم کےبعد صوبائی سلیکشن بورڈ کے اجلاس کی تاریخ مقرر کئے بغیرخطوط کارکردگی ظاہر کرنے کے لئے جاری کئے گئے،،،عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب کو صوبائی سلیکشن بورڈ کے اجلاس کی تاریخ مقرر کر کے عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔