پاناما لیکس تحقیقات کے لیے دائر تمام درخواستوں پر اعتراض ختم، سماعت کے لیے منظور

منگل 27 ستمبر 2016 11:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 ستمبر۔2016ء ) سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی سمیت تمام درخواستوں پر رجسٹرار کے اعتراضات ختم کرکے انہیں سماعت کے لیے منظور کرلیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے دائر درخواستوں پر رجسٹرار کے اعتراضات سے متعلق سماعت کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد تحریک انصاف سمیت دیگر 4 درخواستوں پر رجسٹرار کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کو ختم کرتے ہوئے درخواستوں کی سماعت کھلی عدالت میں لگانے اور درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا۔ ان درخواستوں کی سماعت 3 رکنی بینچ کرے گا۔واضح رہے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف سمیت 4 جماعتوں نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی تھی جس پر رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی تاہم بعد میں تحریک انصاف نے درخواست پر رجسٹرار کے اعتراضات کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی تھی۔

متعلقہ عنوان :