بس رپیڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،منصوبے کا باقاعدہ افتتاح رواں سال نومبر میں کردیا جائے گا، ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے میگا پراجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے گی، منصوبہ دسمبر2017 میں مکمل ہو گا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات میں گفتگو

پیر 26 ستمبر 2016 22:34

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہاہے کہ بس رپیڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جس کا باقاعدہ افتتاح اس سال نومبر کے مہینے میں کردیا جائے گا۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے میگا پراجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا سکے گی ۔ یہ پراجیکٹ دسمبر2017 میں مکمل ہو گا۔

وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے بات چیت کررہے تھے۔کنٹر ی ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ پشاور بس رپیڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے خواہاں ہیں۔ اور اس کیلئے ہرممکن مالی معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بینک کی جانب سے مالی معاونت منصوبے کے اجراء سے قبل ہی کردی جائے گی ۔انہوں نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے فنڈز سے چلنے والے پراجیکٹس مقررہ معیاد سے قبل مکمل کرائے جائیں گے اور اس کیلئے فنڈز کی تیز تر ترسیل یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے مزید کہاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع کئے گئے مواصلات کے شعبے کے منصوبوں کا85 فیصد فنڈ بینک فراہم کرے گی جو کہ 15 ارب روپے بنتا ہے جبکہ مذکورہ پراجیکٹ کا 15 فیصد بجٹ صوبائی حکومت فراہم کر ے گی ۔ایشیائی ترقیاتی بینک "صوبائی سڑکوں کی بحالی پراجیکٹ "کے تحت 500 کلومیٹر سڑکیں صوبے کے مختلف اضلاع میں بنانے میں تعاون کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوامی بہبود کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کا تہیہ کیا ہوا ہے کیونکہ منصوبوں میں تاخیر سے اس کی لاگت بھی بڑھ جاتی ہے اور وقت کا بھی ضیاع ہو تا ہے۔انجینئر محمد عزیز مینجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی نے مواصلات کے شعبے کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی۔وزیراعلیٰ نے سوات موٹر وے کے تناظر میں مردان کو صوابی سے ملانے والی موجودہ سڑک کو دورویہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ علاقے میں تیز تر ترقی کی راہیں ہموار ہو سکیں۔

انہوں نے سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے ایک جامع منصوبہ پر عمل در آمدپر زور دیتے ہوئے کہاکہ مختلف علاقوں میں بین الاضلاع سڑکوں کی بہتری ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد بائی پاس، کوہاٹ بائی پاس اور دیگر بائی پاس سڑکوں کیلئے جامع پلان کی تیاری کی بھی ہدایت کی۔اور تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ضروری احکامات جاری کئے۔

متعلقہ عنوان :