بھارت کشمیر کی صورتحال پر دنیا میں غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے،

پڑوسی ملک کشمیر کے تاریخی مسئلے کو حل کرنے میں ہرگز سنجیدہ نہیں ہے، را اور دشمن کی دوسری ایجنسیاں خون بہانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا جرمنی میں مسلح افواج کے چیف آف سٹافس کانفرنس سے خطاب

muhammad ali محمد علی پیر 26 ستمبر 2016 18:53

بھارت کشمیر کی صورتحال پر دنیا میں غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے،

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔26ستمبر 2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیر کی صورتحال پر دنیا میں غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ اطلاعات آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف راحیل شریف جرمنی کے سرکاری دورے کے سلسلے میں برلن پہنچے ہیں۔ آرمی چیف جرمنی میں ہونے والی مسلح افواج کے چیف آف سٹافس کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔

کانفرنس میں افغانستان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور دیگر ممالک کے آرمی چیف شرکت کر رہے ہیں. کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر کی صورتحال پر دنیا میں غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے۔ پڑوسی ملک کشمیر کے تاریخی مسئلے سمیت دیگر دیرینہ مسائل کو حل کرنے میں ہرگز سنجیدہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی رویے کی وجہ سے تنازعات سنگین اور کشیدگی بڑھتی ہے۔

"را" سمیت بھارت اور دوسرے دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں خون بہانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ بارڈر مینجمنٹ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی مغربی سرحد پرخدشات ہیں۔ مغربی سرحد کی صورتحال کا ’’را‘‘ جیسی مخالف ایجنسیاں فائدہ اٹھاتی ہیں۔ اس کے باوجود پاکستانی فورسز دہشتگردی کیخلاف بہادری سے جنگ لڑرہی ہیں۔ پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

دہشتگردوں کے ہمدرد اورسہولت کاروں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔ دہشتگردی کے بقیہ خطروں سے نمٹنے کیلیے کوششیں جاری ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے ثمرات سب کو ملے۔ تاہم دہشتگردی کا مکمل خاتمہ پڑوسی ممالک کے تعاون کے بغیرممکن نہیں۔ عدم تعاون اور مناسب انٹیلی جنس شیئرنگ نہ ہونے کی وجہ سے چیلنجز درپیش ہیں۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں استحکام اور خوشحالی افغانستان کے استحکام سے مشروط ہے۔ باہمی تعاون اور کوششوں سے افغانستان میں امن و استحکام ہوسکتا ہے۔ جبکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں دیگرممالک کی افواج پاک فوج کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔ اس حوالے سے پاکستان آرمی چیف نے کانفرنس میں شریک ممالک کو لامحدود اور مستقل تعاون کا یقین دلایا۔