پاکستان قدرتی خزانوں سے مالا مال ملک ہے جو قدیم تہذیبوں اور ثقافتوں کا گہوارہ ہے‘شہباز شریف

پاکستان دنیا بھر کے سیاحوں کو خوبصورت قدرتی مناظر اور قدیم انسانی تہذیبوں کی سیاحت کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے،سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر قومی معیشت کو مضبوط اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے محکمہ سیاحت پنجاب کی جانب سے لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کیلئے سیاحتی بسیں چلائی گئی ہیں‘سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 26 ستمبر 2016 18:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر قومی معیشت کو مضبوط اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ،سیاحت کے فروغ سے عالمی دنیا میں کسی بھی ملک کا سافٹ امیج اجاگر ہوتا ہے۔ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے شعبہ سیاحت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کا عالمی دن منانے کا مقصد سیاحت کا فروغ ، نئے سیاحتی مقامات کی تلاش اور آثار قدیمہ کو محفوظ بنانا ہے۔اس کا بنیادی مقصدسیاحوں کا تحفظ ، سیاحتی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی اور متعلقہ امور کو فروغ دینا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دنیا بھر میں یہ دن سماجی و اقتصادی ترقی اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے عزم کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے سیاحوں کو خوبصورت قدرتی مناظر اور قدیم انسانی تہذیبوں کی سیاحت کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔پاکستان میں کے ٹو،نانگا پربت ،چترال،سکردو ،گلگت ،ہنزہ ،سوات، ہزارہ، مری اور کشمیر کے پہاڑی سلسلے سیاحوں کے لئے کشش کا باعث ہیں۔پاکستان کے سیاحتی مقامات گرم پانیوں، صحراوٴں، زرخیز میدانوں اور خوبصورت پہاڑی چوٹیوں پر مشتمل ہیں اوروطن عزیز قدیم سندھ کے آثار سے لے کر مشہور گندھارا تہذیب اور بھرپور ثقافتی ورثہ سے مالا مال ہے۔

پاکستان قدرتی خزانوں سے مالا مال ملک ہے جو قدیم تہذیبوں اور ثقافتوں کا گہوارہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں سیاحتی مقامات کی بہتری اور سیاحت کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ محکمہ سیاحت پنجاب کی جانب سے لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کے لئے سیاحتی بسیں چلائی گئی ہیں۔ ڈبل ڈیکر بس لاہور اور دیگر شہروں سے آنے والے سیاحوں کو لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کرواتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے بڑا خطرہ ماحولیاتی تبدیلی کا مظہر بھی ہے، جس پر قابو پانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اس بات کا اعادہ کرنا ہے کہ سیاحت کی صنعت کو قومی معیشت کا انتہائی فعال شعبہ بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :