دنیا کو مودی کی اشتعال انگیزتقاریرکا نوٹس لینا چاہیے۔چوہدری نثارعلی خان

اقوام متحدہ کو دیکھنا چاہیے کہ خطے میں کون شرارت کررہاہے،مودی کی گزشتہ روز کی تقریر سے سب عیاں ہے،ضروری نہیں کہ دشمن بارڈرپرہی حملہ کرے،بھارتی جارحیت کے کئی روپ اورطریقے ہوسکتے ہیں۔وزیرداخلہ کی ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 26 ستمبر 2016 17:51

دنیا کو مودی کی اشتعال انگیزتقاریرکا نوٹس لینا چاہیے۔چوہدری نثارعلی ..

ٹیکسلا(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26ستمبر2016ء) :وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ دنیا کو مودی کی اشتعال انگیز تقاریر کا نوٹس لینا چاہیے،اقوام متحدہ کو دیکھنا چاہیے کہ خطے میں کون شرارت کررہاہے،مودی کی گزشتہ روز کی تقریر سے سب عیاں ہے،ضروری نہیں کہ دشمن بارڈرپر ہی حملہ کرے،بھارتی جارحیت کے کئی روپ اور طریقے ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے آج ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دہشتگردی کو روکنے کیلئے متحد ہونا چاہیے،آج اندرونی سیاست نہیں بلکہ بیرونی دشمن کیخلاف متحد ہونے کا وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج یا رینجرز کو بلانے کا بنیادی مقصد شکوک و شبہات کو نکالنے کیلئے ہے کہ ان کو معلوم ہوجائے کہ الیکشن فوج اور رینجرز کی موجودگی کی صاف شفاف ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ دوانتخابات میں ہمارے مخالفین کو کھلی چھٹی دی گئی۔ہمیں ہاتھ پاؤں باندھ کر الیکشن لڑنا پڑا۔وزیداخلہ نے کہاکہ بھارتی جارحیت کے کئی روپ اور طریقے ہوسکتے ہیں۔ضروری نہیں کہ دشمن بارڈرپر ہی حملہ کرے۔تاہم دشمن کے چھپے ہوئے وار سے ہمیں بچنے کیلئے متحرک رہنا چاہیے۔کسی نے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا توقوم یکجا ہوگی۔پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پوری قوم متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن کووزیراعظم کی واپسی پر حکومت اور اپوزیشن کے ایک پلیٹ فارم سے مشترکہ پیغام دینے پر غور کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ چین،ترکی ،سعودی عرب اور یواے ای سمیت دیگر ہیں جن کو مسئلہ کشمیر اور بھارت کی گیڈر بھبھکیاں ہیں ان سے بھی آگاہ کرنا چاہیے۔پوی دنیا کو مودی کی اشتعال انگیز تقاریر کا نوٹس لینا چاہیے۔مودی کی گزشتہ روز کی تقریر سے سب عیاں ہے۔اقوام متحدہ کو دیکھنا چاہیے کہ خطے میں کون شرارت کررہاہے۔