پاکستان بھارت کی دھمکیوں سے ہرگز مرعوب ہونے والا نہیں، عرض پاک کے ایک ایک انچ کا دفاع کرینگے،آزادکشمیرکی تعمیرو ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جائینگے،نئی تعمیر شدہ عمارت کا بھرپور استعمال کر کے کارکردگی میں مزید بہتری لائی جائے،مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے فورم پر بھرپور اور ٹھوس انداز سے پیش کرنے پر کشمیری عوام نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر کا اے جے کے کونسل کی نئی سیکرٹریٹ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 26 ستمبر 2016 17:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء ) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پچھلی چھ دیہایوں سے بھارتی ظلم و ستم کا بڑی جواں مردی سے سامنا کر رہے ہیں ، سات لاکھ بھارتی فوج اور کالے قوانین کی موجودگی بھی کشمیر یوں کی آواز دبانے میں ناکام رہے ہیں لاکھوں جانوں کی قربانی دینے اور بچے یتیم ہونے کے باوجود آج بھی کشمیری انصاف کے لیے بین الاقوامی برادری کی راہ دیکھ رہے ہیں۔

چھر ے والی بندقوں سے اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں سے نہتے کشمیری عوام کو شہید اور زخمی کرنے کا سلسلہ جاری ہے، وفاقی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے اور انتخابات کے موقع پر مسلم لیگ(ن)آزادکشمیر کی جانب سے پیش کیے گئے منشور پرمن وعن عمل درآمدکیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

وہ پیر کویہاں اسلام آبادمیں اے جے کے کونسل کی نئی تعمیر شدہ سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمدنواز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بطور چیرمین آزادکشمیر کونسل تین بجٹ خود مظفر آبادجا کر پاس کیے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں موٹرویز ،ریلوے لائن، شونٹرپاس، لیپا ٹنل ،یونیورسٹیوں اور کالجزز کے قیام کے لیے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ وہ آزادکشمیر سے باہر آزادکشمیر کے عوام کے پیسے کو خرچ کرنے کے مخالف ہیں اور چاہتے ہیں کہ آزادکشمیر کے عوام کا ایک ایک پیسہ آزادکشمیر کی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے اور وہاں سڑکوں کی تعمیر اور انفراسڑکچر کو بہتربنا کر وہاں خوشحالی کے ایک نئے باب کا آغاز کیا جائے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے وزیر اعظم محمدنواز شریف کی طرف سے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو بھر پور طریقے سے اُجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی کو بے نقاب کرنے پر اُن کا کشمیری عوام کی جانب سے بھرپور شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ محمدنواز شریف نے جنرل اسمبلی کے چار خطبات میں کشمیری عوام کے حقوق کی بھر پور ترجمانی کی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام پچھلی چھ دیہایوں سے بھارتی ظلم و ستم کا بڑی جواں مردی سے سامنا کر رہے ہیں۔ سات لاکھ بھارتی فوج اور کالے قوانین کی موجودگی بھی کشمیر یوں کی آواز دبانے میں ناکام رہے ہیں۔ اور پاکستان بھارت کی جانب سے دھمکیوں سے ہرگز مرعوب نہیں ہونے والا اور عرض پاک کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں جانوں کی قربانی دینے اور بچے یتیم ہونے کے باوجود آج بھی کشمیری انصاف کے لیے بین الاقوامی برادری کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ چھر ے والی بندقوں سے اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں سے نہتے کشمیری عوام کو شہید اور زخمی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔آج بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کامقبوضہ کشمیر میں داخلہ بند ہے اور بھارتی حکومت اور فوج نے میڈیا پر بھی پابندی لگا رکھی ہے ۔

ایسے میں بین الاقوامی برادری اورانسانی حقوق کی تنظیموں کا فرض بنتا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق اور قابض بھارتی حکومت اور فوج کے خلاف آواز اٹھائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی گیڈر بھبھکیوں کو خاطر میں لائے بغیر مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔اس سے قبل وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان عابد سعید نے اے جے کے کونسل عمارت کی حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ اے جے کے کونسل کے تمام ذیلی ونگز ایک چھت کے نیچے آنے سے ادارے کی کارکردگی پر بڑے موثر اثرات پڑے گے اور ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری آئی گی۔

نئی کونسل سیکرٹریٹ عمارت کی افتتاحی تقریب میں اے جے کے کونسل ممبران پرویز اختراعوان، اختر پرویز اعوان اور مختار عباسی کے علاوہ آزادحکومت کے وزیر مواصلات چوہدری محمدعزیز اور اے جے کے کونسل کے سینئر حکام نے شرکت کی۔