کراچی کی بہتری کیلئے پی پی اور متحدہ مل کر کام کرینگے، ناصر حسین شاہ

ناصر شاہ کی ضلع وسطی آمد اچھا شگون ہے،ریحان ہاشمی، شہر کے مسائل مل جل کر حل کرنا ہوں گے، ڈپٹی میئر ارشد وہرہ حسین آباد میں کچرہ کنڈی کی جگہ فیملی پارک کی تعمیر تین ماہ میں مکمل کرلیں گے، افتتاحی تقریب سے عبدالوحید میمن پنجوانی کا خطاب

پیر 26 ستمبر 2016 16:20

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء) اوکھائی میمن جماعت کی جانب سے حسین آباد میں میمن کمپلیکس کے سامنے واقع کچرہ کنڈی کو ختم کرکے اس کی جگہ فیملی پارک کی تعمیر کے کام کا آغاز کردیا گیا۔ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ ‘ ضلع وسطی کے بلدیاتی چیئرمین ریحان ہاشمی‘ اوکھائی میمن جماعت کے صدر عبدالوحید میمن پنجوانی اور ہاشم عثمان پنجوانی اور اسماعیل سوریا نے مل کر کدال لگا کر فیملی پارک کی تعمیراتی کام کا افتتاح کیا جبکہ اوکھائی میمن جماعت کے صدر عبدالوحید میمن پنجوانی نے اعلان کیا کہ یہ فیملی پارک تین ماہ کی مدت میں مکمل کرکے31دسمبر کو اس کا افتتاح کریں گے اور برادری کو نئے سال کا تحفہ دیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ سینٹرل فرید الدین مصطفی‘ میونسپل کمشنر سینٹرل وسیم سومرو‘ میونسپل کمشنر کراچی مسعود عالم زیدی کے علاوہ اوکھائی میمن برادری کے معروف ڈونر عثمان حسین پنجوانی‘ اوکھائی میمن جماعت کے سابق صدر آدم کاٹھ ‘برادری کے بزرگوں نوجوانوں اور بورڈ ممبران نے بھر پور شرکت کی۔

(جاری ہے)

حسین آباد میں عید کا سماں تھا کیوں کہ پندرہ سال سے قائم کچرہ کنڈی فیملی پارک میں تبدیل ہونے جارہی ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ضلع وسطی کراچی کا سب سے اہم اور سب سے زیادہ پاپولیشن والا ضلع ہے ہم بلدیاتی قیادت کے ساتھ مل کر ضلع وسطی کے مسائل حل کریں گے۔ا نہوں نے کہا کہ ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ‘بختاور بی بی اور آصفہ بی بی سب کا فوکس کراچی پر ہے۔ چیئرمین صاحب نے کراچی میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر مسائل حل کرنے کیلئے ہمیں ٹارگٹ دیا ہے اور خاص ہدایت جاری کی ہیں ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر دی اوکھائی میمن کو یونیورسٹی کے قیام کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے زمین کی فراہمی کی یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اوکھائی جماعت چاہے تو ہم اسے دوسرے تعلیمی ادارے بھی گود دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ ووٹ کسی کو بھی دیں ہم انہیں چھوڑ نہیں سکتے یہ ہمارا شہر ہے اور یہاں کے بلدیاتی نمائندے بھی ہمارے ہیں ان کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں ۔ کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا ۔کراچی میں کچرہ ایک بڑا ایشو بنا ہوا ہے سندھ حکومت کیلئے کراچی کے لئے10 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا ہے بڑی سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کیلئے فنڈ مختص کئے گئے ہیں اسی طرح گلی کوچوں کی چھوٹی سڑکوں کی تعمیر کیلئے بھی پلان تیار ہونا چاہئے ۔

ارشد وہرہ نے اس موقع پر تجاوزات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات نے اس نے شہر کو بد نما بنادیا ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کیلئے عام شہریوں ‘دکانداروں اور تاجروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں پانی کی فراہمی اور سیوریج کے مسائل حل کرنے کیلئے بھی پورے پیکیج کی ضرورت اور امید ہے کہ سندھ حکومت اس سلسلے میں بلدیاتی نمائندوں سے تعاون کریگی۔

چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل ریحان ہاشمی نے کہا کہ ضلع وسطی کراچی کا اہم ضلع ہے لیکن یہاں وسائل میسر نہیں ناصر حسین شاہ کی اس ضلع میں آمد ایک اچھا شگون ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیں مشترکہ طور پر کام کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوکھائی میمن جماعت کی خدمات ہمارے لئے رول ماڈل ہیں۔ قبل ازیں وکھائی میمن جماعت کے صدر عبدالوحید میمن پنجوانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت قیام پاکستان سے پہلے سے قائم ہے اور اس کو135 سال ہوگئے ہیں اور ہم اپنی مدد آپ کے تحت فلاحی کام کررہے ہیں۔

اب ہماری جماعت ہائر ایجوکیشن‘ ہیلتھ اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر کام کرنیکا ارادہ رکھتی ہے اور اس سلسلے میں جلد ہی دبئی میں میمن برادری کی ایک تاریخی ڈونر کانفرنس کرنے جارہے ہیں جس میں دنیا بھر سے میمن برادری کی مخیر شخصیات شرکت کریں گی۔ عبدالوحید میمن نے کہا کہ ہمیں سندھ حکومت اور منتخب بلدیاتی نمائندوں میں بہترین کو آرڈی نیشن نظر آرہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ اس شہر کے بہت سے مسائل جلد حل ہوجائینگے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت حسین آباد کے علاوہ شہر کے دوسرے علاقوں میں بھی چاہے تو ہم وہاں بھی اپنی مدد آپ کے تحت فیملی پارکس بنا کرد ینے کو تیار ہیں جبکہ اوکھائی جماعت کی جانب سے جس یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ ہے اس میں صرف میمن برادری نہیں بلکہ ہر قوم اور ہر مذہب کے لوگوں کو تعلیم دی جائیگی۔ ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :