قومی کرکٹرز کو نئے سینٹرل کنٹریکٹ آئندہ ماہ جاری کئے جائیں گے ،ابتدائی فہرست تیار کر لی گئی

آفریدی ، اجمل ، فواد عالم ، حارث سہیل ، عمر امین اور صہیب مقصود کے نام پر سوالیہ نشان ، سرفراز احمد کو اے کیٹگری میں شامل کیاجا رہا ہے

پیر 26 ستمبر 2016 15:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء) قومی کرکٹرز کو نئے سینٹرل کنٹریکٹ آئندہ ماہ جاری کئے جائیں گے ،28کھلاڑیوں کو ماہوار تنخواہ دی جائے گی ، ابتدائی فہرست میں بڑے بڑے نام غائب ہوگئے ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نیا سینٹرل کنٹریکٹ فٹنس مسائل اور کیریئر کے اختتام پر کھڑے قومی کرکٹرز کے لئے بری خبر لا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ پہلی فہرست میں بوم بوم شاہد آفریدی ، سعید اجمل ، فواد عالم ، حارث سہیل ، عمر امین اور صہیب مقصود کے نام پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ ٹی ٹونٹی کپتان سرفراز کے ستارے عروج پر ہیں ۔ انہیں شاہد آفریدی کی جگہ کیٹگری اے میں شامل کیا جا رہا ہے جبکہ آل راؤنڈر عماد وسیم بھی ایک درجہ ترقی کے ساتھ بی کیٹگری میں جگہ پا رہے ہیں ۔ محمد عامر ، سہیل خان ، حسن علی ، محمد نواز ، شرجیل خان اور خالد لطیف نئے کنٹریکٹ میں جگہ پائیں گے ۔ کمیٹی کھلاڑیوں کی فہرست جلد بورڈ کے حوالے کرے گی اور حتمی منظوری کے بعد اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ان ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا ۔