خا تون محتسب پنجاب کے ادارے نے اپنی سرکاری ویب سائٹ لانچ کر دی

پیر 26 ستمبر 2016 15:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء) خا تون محتسب پنجاب کے ادارے نے اپنی سرکاری ویب سائٹ لانچ کر دی۔ WWW.ombudsperson.punjab.gov.pk اب خواتین اس ویب سائٹ کے ذریعے براہ راست اپنی اپنی شکایات آن لائن درج کرا سکتی تھیں۔یہ ویب سائٹ خواتین کو کام کرنے والی جگہ پر ہراسانگی کے ایکٹ مجریہ 2010 ء کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرتی ہے۔

اس کے علاوہ اس ویب سائٹ کے ذریعے خواتین صوبائی خاتون محتسب کے دائرہ کار، انکوائری کے طریقہ کار اور اپنی شکایات درج کروانے کے طریقہ کے بارے میں بھی مکمل آگاہی حاصل کر سکتی ہیں۔صوبائی خاتون محتسب کا ادارہ خواتین کو کام کرنے والی جگہ پر ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ کے قانون مجریہ 2010 کے تحت قائم کیاگیا تاکہ خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔

(جاری ہے)

اس ادارے کا مقصد خواتین کو کام و الی جگہوں پر محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرناہے تاکہ وہ بغیر کسی ذہنی دباؤ کے اپنا کام سرانجام دے سکیں۔اب تک اس ادارے نے ہراسانگی کے واقعات کے خلاف درج کرائی گی کئی شکایات پر کارروائی کی ہے اور اس کے نتیجے میں ذمہ دار افراد کو قرار واقعہ سزائیں بھی سنائی ہیں۔اس ادارے کی ویب سائٹ لانچ ہونے سے اب خواتین کے لئے مزید آسانیاں پیداہوگئی ہیں۔

خواتین اب اس ویب سائٹ پر اپنے حقوق اور ان کے تحفظ کے بارے میں بنائے گئے قانون کے متعلق تفصیل سے آگاہ ہوسکتی ہیں۔بہت جلد وہ اپنی شکایات بھی آن لائن درج کرواسکیں گی۔اس ادارے کی ویب سائٹ کی افادیت سے دوردراز علاقوں کی خواتین بھی فائدہ اٹھا سکیں گی اور انہیں اپنی شکایات کے لئے ادارے میں نہیں آنا پڑے گا وہ آن لائن بھی اپنی شکایات درج کرواسکیں گی۔

متعلقہ عنوان :