میاں محمود الر شید سے جاپانی صحافی کی ملاقات، ڈورے مو کارٹون کیخلاف پنجاب اسمبلی میں جمع قرارد پر بات چیت کی گئی

ڈورے مو کارٹون کی بندش نہیں چاہتے، انہیں بچوں کیلئے سبق آموز بنایا جائے نہ کہ اپنی ذمہ داریوں سے بھاگنے کا سبق دیا جائے‘ اپوزیشن لیڈر

پیر 26 ستمبر 2016 15:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید سے پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں جاپان کے صحافی یوجی کرونوما کی ملاقات، ڈورے مو کارٹون کیخلاف پنجاب اسمبلی میں جمع قرارد پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر میاں محمود الر شید نے کہا کہ ڈورے مو کارٹون کی بندش نہیں چاہتے، صرف یہ چاہتے ہیں اگر پاکستان میں نشر ہوتے ہیں تو اس کا ترجمہ بھی پاکستانی زبان میں ہونا چاہئے یا جاپانی زبان میں ہی نشر کئے جائیں اور مطالبہ یہ ہے کہ ڈورے مون کو بچوں کیلئے سبق آموز بنایا جائے نہ کہ اپنی ذمہ داریوں سے بھاگنے کا سبق دیا جائے۔

میاں محمود الر شید نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی فلاحی مملکت ہے یہاں کا اپنا اسلامک کلچر اور اپنی اقدار ہیں، ہم اپنے بچوں کو جنس مخالف سے دوستیوں کا سبق نہیں دے سکتے یہ ہماری روایات کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سب سے بڑا اعتراض یہ ہے کہ ڈورے مون کی ڈ بنگ ( اردو ترجمہ ) بھارتی زبان میں کیا گیا ہے چونکہ یہ کارٹون ہمارے ہاں بہت مقبول ہیں اور سارا دن ٹی وی پر بذریعہ کیبل چلتے رہتے ہیں جس کے باعث ہمارے بچے اکثر و بیشتر اپنے روز مرہ کے معاملات میں ہندی زبان کے لفظوں کا استعمال کرتے رہتے ہیں جو خلاف اقدار ہیں، دوسرا اعتراض یہ ہے کہ ڈورے مون میں ایک مخصوص گیجٹس کا ذکر عام ہے جو وقت کو پیچھے کرنے، بچوں کا ہوم ورک ازخود ہو جانے اور وقت کا اپنے مطابق تعین کرنے جیسی صلاحیتیں رکھتا ہے اس سے بچے گیجٹس کے حصول کیلئے کوشش کرتے ہیں اور والدین سے تقاضہ کرتے ہیں کہ ہمیں ڈورے مون گیجٹس لا کر دیں۔

ملاقات میں جاپان کے صحافی نے اپوزیشن لیڈر کے تحفظات متعلقہ انتظامیہ تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔