نوجوانوں کو صنعتی اداروں میں ملازمتوں کی فراہمی کیلئے فہرستوں کی تیاری کاآغاز

پیر 26 ستمبر 2016 15:19

فیصل آباد۔26ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 ستمبر۔2016ء )ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے صنعتی اداروں کی اپ ٹو ڈیٹ فہرستوں کی تیاری کاآغاز کردیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اگلے ماہ کے دوران فہرستوں کی تیاری مکمل کرکے اس کی مفصل رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ہنر مند افرادی قوت اور فارغ التحصیل طلباء و طالبات کو ملازمتوں و روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

ٹیوٹا فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ قبل ازیں ٹیوٹا کے پاس فیصل آباد ریجن کی 1950 سے زائد فیکٹریوں کا ڈیٹا موجود ہے جن میں ٹیکسٹائل مشینری ،ٹیکسٹائل پراسیسنگ ، ٹیکسٹائل گارمنٹس ، ڈائینگ ، ویونگ ، سپننگ ملز ، سرجیکل کاٹن ،شوگر ملز ،سٹارچ پراڈکٹس ، سائزنگ فیکٹریز، پاور لومز فیکٹریز ،زرعی آلات تیارکرنے والی انڈسٹریز ، آٹوپارٹس یونٹس ، بیکرز اینڈ کنفیکشنرز،سوڈیم سلیکیٹس ، ویجیٹیبل گھی اور کوکنگ آئل ملز سمیت بعض دیگر صنعتی یونٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ٹیوٹا اپنے تمام فارغ التحصیل طلباء وطالبات کو روزگارکی فراہمی کیلئے اپ ٹو ڈیٹ فہرستوں کی روشنی میں متعلقہ صنعتی اداروں سے رابطے کرے گااور اپنے فارغ التحصیل ہنر مند نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔