پاکستان شریعت کونسل کا 6 اکتوبر کو اسلام آباد میں علما کنونشن کے انعقاد کا اعلان

کنونشن میں ملک بھر کے مذہبی ،سیاسی اور سماجی رہنما شرکت کریں گے، ممکنہ بھارتی جارحیت کیخلاف منبر و محراب سے توانا اور مضبوط آواز بلند کرنے ،قوم میں جذبہ حب الوطنی پیدا کرنے ،پنجاب اور سندھ حکومت کیطرف سے مدارس کیخلاف حالیہ اقدامات پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے پر زور دیا جائے گا

پیر 26 ستمبر 2016 15:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 ستمبر۔2016ء) موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پاکستان شریعت کونسل نے 6 اکتوبر کو اسلام آباد میں علماء کنونشن کے انعقاد کا اعلان کر دیا ،کنونشن میں ملک بھر کے مذہبی ،سیاسی اور سماجی رہنما شرکت کریں گے اور بھارت کی طرف سے ممکنہ جارحیت کیخلاف منبر و محراب سے توانا اور مضبوط آواز بلند کرنے ،قوم میں جذبہ حب الوطنی پیدا کرنے اور ان کا مورال بلند رکھنے کیلئے علماء کرام کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنے ،پنجاب اور سندھ حکومت کیطرف سے مدارس کیخلاف حالیہ اقدامات پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے پر زور دیا جائے گا،کنونشن میں خیبر پختونخوا اسمبلی سے پاس ہونے والے نجی سود کیخلاف بل اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کیطرف سے جاری ہونے والے سودی بینکاری کیخلاف سرکلر کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا اور ملک سے سودی نظام کے خاتمے کیلئے علمائے کرام کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

شریعت کونسل کے سیکرٹری اطلاعات مولانا عبدالرؤف محمدی کے مطابق6 اکتوبر بروز جمعرات جامع مسجد عثمان جی ٹن ون اسلام آباد میں بعد از نماز ظہر " موجودہ حالات اور علماء کی ذمہ داریاں " کے عنوان سے عظیم الشان کنونشن کو انعقاد کیا جائے گا ،جس میں ملک بھر کی تما م سرکردہ مذہبی ،سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں ،علمائے کرام ،مساجد کے ائمہ و خطباء اورمدارس کے مہتممین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی ، کونسل کے امیر مولانا فداء الرحمن درخواستی کی ہدایت پر جنرل سیکرٹری مولانا زاہد الراشدی نے کنونشن کیلئے رابطہ کمیٹی قائم کر دی ہے جس میں مولانا رمضان علوی ،مولانا عبدالرؤف محمدی ،مولانا تنویر احمد علوی اورمولانا علی محی الدین شامل ہیں،رابطہ کمیٹی نے علمائے کرام سے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔