محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں‘ شہباز شریف

؎ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کااجلاس سے خطاب

پیر 26 ستمبر 2016 15:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 ستمبر۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں‘ محرم الحرام کے دوران وضع کردہ سکیورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد کیا جائے‘ گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں کیونکہ موجودہ حالات کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے‘ مساجد‘ امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے ‘ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

پیر کو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ محرم کے دوران پرامن فضا کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور محرم کے دوران گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔

موجودہ حالات میں کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ قانون نافذ کرنے والے پوری طرح چوکس ہیں اور قیام امن یقنی بنانے کے لئے تمام توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں محرم الحرام کے دوران وضع کردہ سکیورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد‘ امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اشتعال انگیز مواد اور لٹریچر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درامد کیا جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ صوبے میں قانون کی عمل داری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اجلاس کے دوران سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کی محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ (ن غ)