سی ایس ایس امتحان 16فروری سے شروع ہوگا،بالائی عمر میں دو سال توسیع کے فیصلے کا اطلاق ہوگا

پیر 26 ستمبر 2016 14:28

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 ستمبر۔2016ء)فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی ) کے زیر اہتمام مختلف سروپس گروپس میں گریڈ 17پر تعیناتی کے لئے مقابلے کا امتحان (سی ایس ایس 2017) آئندہ سال فروری میں ہونگے ‘بالائی عمر میں دو سال توسیع کے فیصلے کا اطلاق اس امتحان سے ہوگا ۔ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ ‘فارن سروس گروپ ‘انفارمیشن سروس گروپ ‘ان لینڈ رینو سروس گروپ ‘ملٹر ی لینڈ اینڈ کینٹونمنٹس سروس گروپ ‘آفس منیجمنٹ سروس گروپ ‘پاکستان ایڈمسٹریٹو سروس گروپ ‘پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس گروپ ‘پاکستان کسٹمز سروس گروپ ‘پولیس سروس آف پاکستان ‘پوسٹل سروس گروپ ‘ریلویز (کمرشل اینڈ ٹرانسپورٹیشن) سروس گروپ میں گریڈ 17پر تعیناتیوں کے لئے سی ایس ایس امتحان 2017‘ آئندہ سال 16فروری سے شروع ہونگے ۔

(جاری ہے)

ان امتحانات کے لئے ملک بھر کے 19بڑے شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں ئے ‘ان شہروں میں ایبٹ آباد ‘بہاولپور ‘ڈیرہ غازی خان ‘ڈیرہ اسماعیل خان ‘فیصل آباد ‘گلگت ‘گوجرانولہ ‘ حیدر آباد ‘اسلام آباد ‘کراچی ‘لاہور ‘لاڑکانہ ‘ملتان ‘مظفر آباد ‘پشاور ‘کوئٹہ ‘راولپنڈی ‘سرگودھا اور سکھر شامل ہیں ۔

ان سروسز گروپ میں تقرری کے لئے سکینڈ ڈویثرن بیچلر ڈگری کے حامل خواتین و مرد بشمول معذور افراد جن کی عمر 31دسمبر 2017کو21 سے 28 سال تک ہے امتحانات میں حصہ لینے کے اہل ہیں ‘تمام امیدوار اپنی درخواستیں یکم تا 31اکتوبر تک آن لائن جمع کراسکیں گے ‘مقررہ مدت تک دستاویزات جمع کرانے والے امیدواروں کے لیے لازم ہے کہ وہ تمام دستاویزات کی ہارڈ کاپی بھی ایف پی ایس سی ہیڈ کوارٹر ارسال کریں ۔

امیدواروں کی راہنمائی کے لئے سی ایس ایس امتحانات کے حوالے سے نصاب اور قوانین ایف پی ایس سی کی ویب سائیٹ www/fpsc.gov.pkپر موجود ہیں ۔ایف پی ایس سی کے مطابق اہل امیدواروں کی تعلیم ‘عمر ‘ڈومیسائل کی جانچ پڑتال 31دسمبر 2016 تک مکمل کر لی جائے گی ۔ واضح رہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس کے امیدواروں کی عمر کی بالائی حد میں دو سال بڑھانے کے لئے وفاقی کابینہ کے فیصلے کا اطلاق سی ایس ایس امتحان 2017 کر دیا ہے ‘اس فیصلے کے بعد اب 30سال عمر تک کے امیدوار بھی مقابلے کے امتحانات2017 میں حصہ لینے کے اہل ہونگے ۔

ایف پی ایس سی کے مطابق سی ایس ایس امتحان 2017میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والے امیدواروں کی عمر کم سے کم 21سال اور ذیادہ سے ذیادہ 30سال ‘ سی ایس ایس کے رول تھری اے کے تحت مخصوص کیٹگریوں کے امتحان دینے والے امیدواروں کی کم سے کم عمر 21سال اور ذیادہ سے ذیادہ 32سال ہوگی ۔اس سے قبل دونوں کیٹگریوں میں بالائی عمر کی حد 28سال تھی ۔سی ایس ایس امتحان 2017کے لئے ایسے تمام امیدواران جو مطلوبہ تعلیمی معیار ‘ڈومیسائل اور 31دسمبر 2016کو کم سے کم عمر 21سال اور زیادہ سے زیادہ عمر 32سال ہو، وہ اس امتحان میں حصہ لینے کے اہل ہونگے ۔سی ایس ایس امتحان 2017کے لئے اہل امیدواران یکم اکتوبر سے31اکتوبر تک داخلہ بھجواسکیں گے۔