پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم قلب جمعرات کو منایاجائیگا

پیر 26 ستمبر 2016 14:24

فیصل آباد۔26ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 ستمبر۔2016ء ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم قلب (ورلڈ ہارٹ ڈے) 29 ستمبر بروز جمعرات کو بھر پور طریقے سے منایاجائیگا۔اس موقع پر عالمی ادارہ صحت ، حکومت پاکستان ، محکمہ صحت پنجاب ، انسٹیٹیوٹس آف کارڈیالوجی، ہارٹ سیور فاؤنڈیشن اور بعض دیگر سرکاری ، غیر سرکاری تنظیموں و این جی اوز کے زیر اہتمام فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت ملک بھرکے مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیاجائیگا جبکہ اس موقع پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سیمینارز ، کانفرنسز ، ورکشاپس ، مذاکروں ، مباحثوں اور دیگر پروگرامات کا بھی اہتمام کیاجائیگا۔

عالمی ادارہ صحت کے ذرائع نے بتایاکہ اس بار ورلڈ ہارٹ ڈے کا تھیم ''ایک دنیا ، ایک گھر ، ایک دل''ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پرفیصل آبادانسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے زیر اہتمام ایک واک کا بھی انعقاد کیاجائیگاجس میں ڈاکٹرز ، نرسز ، ٹیکنیشنز سمیت سول سوسائٹی کے افرادبھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر لاہور ، ملتان اور دیگر بڑے شہروں میں بھی خصوصی واکس کاانعقاد کیاجائیگا تاکہ عوام میں دل کی اہمیت ، اس کو درپیش خطرات ، دل کے بڑھتے ہوئے امراض ، حفاظتی و احتیاطی اقدامات ، بروقت تشخیص ، مناسب علاج وغیرہ کے بارے میں آگاہی پید ا کی جا سکے ۔

فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماہرین امراض قلب نے بتایاکہ پاکستان کی کل آباد ی کا تیسرا حصہ کولیسٹرول جیسے مسائل کا شکارہے جس کی وجہ سے دل کے امراض میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔۔ انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی دل کے امراض کے مکمل علاج پر خصوصی توجہ دے رہاہے اور مختلف ٹیسٹوں سمیت تمام معیاری سہولیات مفت بہم پہنچانے کیلئے اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کریگاجبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :