گالف کے عظیم امریکی کھلاڑی آرنالڈ پامر 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

گالف کھیل کے طویل کیرئیرکے دوران پامر نے دنیا بھر میں 90 سے زیادہ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی

پیر 26 ستمبر 2016 13:43

گالف کے عظیم امریکی کھلاڑی آرنالڈ پامر 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء ) گالف کے عظیم امریکی کھلاڑی آرنالڈ پامر 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔گالف کھیل کی تاریخ میں پامر ایک عظیم کھلاڑی کے طور پر جانے جاتے تھے۔اخبار دی پٹسبرگ پوسٹ گزیٹ کے مطابق ان کا انتقال پینسلوینیا کے یو پی ایم سی ہسپتال میں ہوا جہاں ان کا امراض قلب کا علاج چل رہا تھا۔دی یونائیٹڈ سٹیٹ گولف ایسوسی ایشن نے بھی اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے ان کی موت کی تصدیق کی ہے اور اانہیں گالف کا عظیم ترین سفارت کار قرار دیا ہے۔

گالف کھیل کے ایک طویل کیریئر کے دوران پامر نے دنیا بھر میں 90 سے زیادہ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔پامر اپنے کھیل کے سبب شہرت کی ان بلندیوں پر پہنچے کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ان کے مداح ہوگئے جنہیں ارنی کی فوج کے نام سے جانا جاتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس کھیل کو ٹیلی ویژن پر مقبول بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔معروف امریکی گالف کے کھلاڑی ٹائیگر وڈ نے آرنالڈ پامر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ آرنالڈ آپ کی دوستی، مشورے اور خوب ہنسانے کے لیے آپ کا شکریہ۔

آپ کی انسان دوستی اور عاجزی آپ کی عظیم زندگی کا حصہ ہیں۔آرنالڈ پامر 1929 میں پینسلوینیا کے علاقے لیٹروب میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد ایک مقامی کلب میں کھیل کے میدان کا نظم و نسق سنبھالتے تھے اور پھر بعد میں وہیں پر آرنالڈ گولف کھیلنے لگے۔1950 اور 1960 کے اوائل میں وہ گالف کے ایسے کھلاڑی تھے جن کا مکمل غلبہ ہوا کرتا تھا اور اس دور کے سات مختلف سیزنز میں انہوں نے سات خطابات جیتے تھے۔

متعلقہ عنوان :