سپریم کورٹ ، اورنج لائن منصوبے پر پنجاب حکومت کی اپیل سماعت کیلئے منظور

عدالت کا سماعت کیلئے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دینے کا حکم، حقائق اور قانونی پہلووٴں کا جائزہ لینا ضروری ہے،چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کے ریمارکس

پیر 26 ستمبر 2016 13:11

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 ستمبر۔2016ء ) سپریم کورٹ نے اورنج لائن منصوبے پر پنجاب حکومت کی اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی۔ عدالت نے سماعت کیلئے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا ہے کہ حقائق اور قانونی پہلووٴں کا جائزہ لینا ضروری ہے۔سپریم کورٹ نے اورنج لائن منصوبہ روکنے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

(جاری ہے)

ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے وکیل کا موقف تھا کہ منصوبے پرکام تاخیر کا شکار ہو رہا ہے ، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل نہیں کر رہے ، حکم امتناع کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر رہے ہیں ، معاملے کے حقائق اور قانونی پہلووٴں کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت کیلئے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔ مقدمے کی سماعت دس اکتوبر کے عدالتی ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی۔