سمجھوتہ ایکسپریس اور دوستی بس لاہور سے بھارت روانہ

چار خواتین لاہور ریلوے اسٹیشن پر رہ گئیں ، متبادل انتظام کر کے واہگہ اسٹیشن پہنچایا گیا ، دوستی بس میں 11مسافر روانہ ہوئے جو تمام پاکستانی ہیں

پیر 26 ستمبر 2016 12:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 ستمبر۔2016ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس اور دوستی بس لاہور سے بھارت روانہ ہو گئی، سمجھوتہ ایکسپریس کی چار مسافر خواتین سامان مقررہ حد سے زیادہ ہونے کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن پر رہ گئیں ، متبادل انتظام کر کے واہگہ ریلوے اسٹیشن پہنچایا گیا ، دوستی بس میں 11مسافر روانہ ہوئے جو تمام پاکستانی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی شب بھارتی حکام نے کسانوں کے احتجاج کا بہانہ بنا کر ٹرین کی روانگی روکنے کی درخواست کی تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد پینترا بدلا اور ٹرین کی روانگی کے لئے درخواست کردی۔ جس کے بعد سمجھوتہ ایکسپریس پیر کے روز معمول کے مطابق اپنے مسافروں کو لے کر صبح آٹھ بجے بھارت اٹاری کے لئے روانہ ہو گئی ۔

(جاری ہے)

سمجھوتہ ایکسپریس کی چار مسافر خواتین سامان مقررہ حد سے زیادہ ہونے کی وجہ سے لاہور ریلوے اسٹیشن پر ہی رہ گئیں جنہیں متبادل انتظام کرکے واہگہ ریلوے اسٹیشن پہنچایا گیا۔

جبکہ لاہور سے پاک بھارت دوستی بس سروس بھی 11 مسافروں کو لے کر براستہ واہگہ بارڈر بھارت کے لیے روانہ ہو گئی۔پاک بھارت دوستی بس سروس کی بس لبرٹی ٹرمینل سے براستہ واہگہ صبح 6 بجے روانہ ہوئی ۔بس میں سوار تمام 11مسافر پاکستانی ہیں۔پاک بھارت بس سروس واہگہ بارڈر پر کسٹم اور امیگریشن کے بعد بھارت کیلئے روانہ ہو گئی۔

متعلقہ عنوان :