چینی حکام کا وزیراعلیٰ کو سالگرہ پر ساہیوال کول پاور پلانٹ کی ویڈیو کا تحفہ

وزیراعلیٰ نے ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو تھکے ہوئے شکست خوردہ ذہن قرار دیا

اتوار 25 ستمبر 2016 21:26

چینی حکام کا وزیراعلیٰ کو سالگرہ پر ساہیوال کول پاور پلانٹ کی ویڈیو ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25ستمبر۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مولانا شوکت علی روڈ پر درخت کو ایک جگہ سے اکھاڑ کر محفوظ طریقے سے دوسری جگہ لگانے کے جدید ٹری ٹرانسپلانٹر ڈیمونسٹریشن کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران دھرنوں اور جلوسوں کی سیاست کرکے ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں تھکے ہوئے اور شکست خوردہ ذہن قرار دیا۔

وزیراعلیٰ نے سول سوسائٹی اور لاہور بچاؤ تحریک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پنجاب حکومت کی جانب سے ٹری ٹرانسپلانٹر متعارف کرانے پر ”مبارکباد“ دی اور کہا کہ ان لوگوں کو اس جدید طریقہ کار کے ذریعے درخت منتقل کرنے کی ٹیکنالوجی کے بارے میں حکومت کو آگاہ کرنے کی توفیق نہیں ہوئی لیکن لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے خلاف انہیں عدالت جانے کی توفیق ضرور ہوئی۔

(جاری ہے)

تاہم اللہ تعالیٰ نے ہر اچھے کام کی طرح ٹری ٹرانسپلانٹر کو متعارف کرانے کی توفیق بھی ہمیں دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مجھے سالگرہ پر چین کے حکام کی جانب سے بہترین تحفہ دیا گیا ہے جو کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کی ویڈیو ہے اور اس ویڈیو میں اس منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت کو فلمایا گیا ہے۔ میں نے یہ ویڈیو دیکھی ہے ۔ بلاشبہ 1320 میگاواٹ کے اس منصوبے پر انتہائی تیزرفتاری سے کام ہو رہا ہے اور بوائلر ہاؤس بھی بن گیا ہے۔ اس منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں نے یہ منصوبہ جون 2017 میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

متعلقہ عنوان :