پاک بھارت جنگ کی باتیں احمقانہ سوچ کی عکاس ہیں، فیصل صالح حیات

بھارت پاکستان پر حملہ کی جسارت نہیں کرے گا، پوری قوم فوج کے ساتھ ہے، ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی،خصوصی گفتگو

اتوار 25 ستمبر 2016 18:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء) سابق وزیر داخلہ مخدوم سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر حملہ کی جسارت کی تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح ملک کا دفاع کرے گی اور بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ پوری قوم اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے ساتھ لڑے گی اور ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی۔ آن لائن کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں مخدوم فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر اپنے جاری مظالم بند کرے اور انہیں حق خود ارادیت دے اور یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اپنانے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہیئے۔

پاکستان اور بھارت دونوں مملاک جنگ کے متحمل نہیں ہو سکے۔

(جاری ہے)

دونوں ملکوں میں اکثریت غربت کی لکیر کے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے ۔ ان حالات میں جنگ کی باتیں کرنا ایک احمقانہ ذہن کی پیداوار ہو سکتی ہیں۔ مخدوم سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ ملک کے اندر سیاسی جلسوں اور ریلیوں کی اجازت ہونی چاہیئے۔ ن لیگ اپنے ڈنڈے بردار فوج کو کنٹرول کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے زائد بلدیاتی انتخابات منعقد ہو چکے ہیں لیکن حکومت نے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کو اختیارات ہی نہیں دیئے۔ دوسرے صوبوں کی طرح پنجاب میں بھی بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے فوری انتخابات کرائے جائیں۔