Live Updates

پانامہ لیکس نے ملک میں نیا دور لانے کا سنہری موقع دیا ،عمران خان

کامیاب ممالک میں احتساب اوپر سے شروع ہوتا ہے ،جب پارٹی بنائی سب سے پہلے اپنے اثاثے ظاہر کئے ،چیئرمین تحریک انصاف

اتوار 25 ستمبر 2016 13:01

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے کہا ہے کہ پانامہ لیکس نے ہمیں پاکستان میں نیا دور لانے کیلئے ایک سنہری موقع فراہم کیا ہے جسے ہمیں ضائع نہیں کرنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ تمام کامیاب ممالک میں احتساب اوپر سے شروع ہوتا ہے جبکہ پاکستان میں وزیراعظم اداروں کو کرپشن سے تباہ کرکے پیسے بناتا ہے۔

اتوار کے روز کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب اپنی سیاسی جماعت بنائی تو سب سے پہلے اپنے اثاثے ظاہر کئے کیونکہ تمام کامیاب ریاستوں میں احتساب ہمیشہ اوپر سے شروع ہوتا ہے لیکن یہاں کرپٹ وزیراعظم اداروں کو کرپٹ کرکے پیسے بناتا ہے، اور ریاستی ادارے انصاف دینے کے بجائے ان کی پشت پناہی کررہے ہیں جب ریاستی ادارے انصاف نہیں دیں گے تو ہمارے پاس صرف احتجاج کا رستہ باقی رہ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کا کہنا تھا کہ چیئرمینپیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو کہتا ہوں کہ پاکستان میں نیا دور لانے کا موقع آگیا ہے اور پاناما لیکس نے ادارے ٹھیک کرنے کا موقع فراہم کردیا ہے ہمیں کسی صورت پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے ۔کراچی کی سیاست کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ شہر قائد سیاست کا اہم گڑھ ہے اور اس میں پڑھے لکھے افراد کی تعداد دیگر شہروں کی نسبت بہت زیادہ ہے، جب سے ایم کیوایم پاکستان نے اپنے بانی قائد سے علیحدگی اختیار کی ہے، اس وقت سے کراچی کی حالت اور سیاست مختلف ہوگئی ہے اب ایم کیو ایم اپنے بانی اور دہشت گردی سے دور ہوگئی ہے کراچی سے دہشت گردی کی سیاست کو کراچی سے ختم ہونا چاہئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات