برہان وانی کی شہادت کے بعدکشمیریوں کی جدوجہد نے نیارخ اختیارکرلیا، پاکستان

100سے زائد کشمیری شہید اور ہزاروں بے گناہ بھارتی مظالم کی زد میں آئے ،عالمی برادی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی تشدد روکنے کیلئے اقدامات کرے،اقوام متحدہ حق خودارادیت دینے کا کشمیریوں کا وعدہ پورا کرے، پاکستان فلسطینیوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا،مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹنا ہوگا،پاکستان ،مشرق وسطیٰ اور افغانستان میں امن و استحکام کی حمایت کرتا ہے،دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے وسیع تعاون کی ضرورت ہے،بین المذاہب ہم آہنگی اور مسلم ثقافت کو مزید فروغ دینا چاہیے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کاسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے سالانہ رابطہ اجلاس سے خطاب

اتوار 25 ستمبر 2016 12:39

نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، برہان وانی کی شہادت کے بعدکشمیریوں کی جدوجہد نے نیارخ اختیارکرلیا ،100سے زائد کشمیری شہید اور ہزاروں کشمیری بے گناہ بھارتی مظالم کی زد میں آئے ،عالمی برادی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی تشدد روکنے کیلئے اقدامات کرے اور اقوام متحدہ حق خودارادیت دینے کا کشمیریوں کا وعدہ پورا کرے۔

اتوار کو اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا سالانہ رابطہ اجلاس ہوا۔اجلاس کی صدارت کویت کے وزیرخارجہ شیخ صباح الخالد الصباح نے کی اور مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے وزراء خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ مسلم مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد ریاستی تشدد میں نیا موڑ آیا ۔

انہوں نے کہا کہ 100سے زائد کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں،شدید زخمی ہونے والوں میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں،بلاامتیاز فائرنگ اور پیلٹ گن سے 150نوجوان بینائی سے محروم ہوچکے ہیں،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ریاستی تشدد کیلئے اقدامات کرے ۔مشیرخارجہ نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا احترام کروانے میں کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ پورا کرے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا،مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹنا ہوگا۔پاکستان ،مشرق وسطیٰ اور افغانستان میں امن و استحکام کی حمایت کرتا ہے،دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے وسیع تعاون کی ضرورت ہے،بین المذاہب ہم آہنگی اور مسلم ثقافت کو مزید فروغ دینا چاہیے،وزراء کونسل کے سالانہ اجلاس میں جموں وکشمیر سے متعلق او آئی سی رابطہ گروپ رپورٹ کی بھی منظوری دی گئی ہے،رپورٹ میں آزادانہ مستقل انسانی حقوق کے کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے جو انسانی حقوق کمیشن کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پرنظر رکھے گا۔