پاکستان کے پاس ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں کلین سویپ پر رینکنگ میں ایک درجے ترقی کا موقع

پاکستان اس وقت 9ویں نمبر پر موجود ، ویسٹ انڈیز سے 3.0سے کامیابی کی صورت میں آٹھویں نمبر پر آجائے گا

ہفتہ 24 ستمبر 2016 20:53

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) ویسٹ انڈیزکے خلاف ون ڈے سیریزمیں3-0سے کامیابی کے بعدقومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں ایک درجہ ترقی کرکے نویں سے آٹھویں نمبرپرآسکتی ہے۔ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیزاس وقت آٹھویں اورپاکستان نویں نمبرپرہے، 25 ستمبر سے 12 اکتوبر تک مختلف ٹیموں کے مابین 16 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، اس دوران سامنے آنے والے نتائج رینکنگ میں اکھاڑ پچھاڑ کا سبب بن سکتے ہیں،،پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں ایک درجہ بہتری کیلئے ویسٹ انڈیز پر کلین سویپ درکار ہوگا، یواے ای میں 3-0 سے کامیابی حریف سے آٹھویں پوزیشن چھیننے کا موقع فراہم کرے گی، آسٹریلیا کے مقابل سیریز میں سرخرو ہونے پر جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر براجمان ہو سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 25 ستمبر سے 12 اکتوبر تک مختلف ٹیموں کے مابین 16 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، اس دوران سامنے آنے والے نتائج رینکنگ میں اکھاڑ پچھاڑ کا سبب بن سکتے ہیں، پاکستان اس وقت 9ویں نمبر پر موجود ہے، یو اے ای میں شیڈول سیریز میں گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کو 3-0 سے کلین سویپ کیا تو پوائنٹس 3 کے اضافے سے 89 ہو جائیں گے، یوں ویسٹ انڈیز کو 6 کے خسارے کی وجہ سے 88 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی سے 9ویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ورلڈ چیمپئن آسٹریلیاکے 124 پوائنٹس ہیں، اسے دوسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ (جسکے113پوائنٹس ہیں) سے کوئی خطرہ نہیں، جنوبی افریقہ کے110پوائنٹس ہیں اس کی آسٹریلیا کیخلاف 4-1 سے کامیابی اسے نہ صرف تیسرے نمبر پر موجود بھارت (جسکے110پوائنٹس) بلکہ نیوزی لینڈ سے بھی آگے نکلنے کا موقع فراہم کرسکتی ہے، انگلینڈ کی107پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن مستحکم ہے، 98 پوائنٹس کی حامل بنگلہ دیشی ٹیم افغانستان کو 3-0 اور انگلینڈ کو 2-1 سے ہرانے کی صورت میں ایک درجہ بہتری کے ساتھ سری لنکا کو چھٹی پوزیشن سے محروم کرسکے گی، افغانستان49پوائنٹس کے ساتھ دسویں، زمبابوے46پوائنٹس کے ساتھ 11ویں اور آئرلینڈ 43پوائنٹس کے ساتھ 12ویں نمبر پر ہے۔

متعلقہ عنوان :