محرم الحرام میں فول پروف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا۔کیپٹن(ر)محمد امین وینس

لاہور پولیس دشمنوں سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،دہشت گردوں کا دین اسلام سمیت کسی مذہب سے تعلق نہیں۔سی سی پی اولاہور کا ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 24 ستمبر 2016 18:42

محرم الحرام میں فول پروف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا۔کیپٹن(ر)محمد ..

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24ستمبر2016ء) :سی سی پی اولاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ لاہورپولیس محرم الحرام کے دوران فول پروف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل برؤے کار لائے گی اور محرم الحرام کے دوران علمائے کرام کی طرف سے اتحاد بین المذاہب کیلئے کی گئی کوششیں بھی لاہور پولیس کی کامیابی کا ذریعہ بنے گی۔

لاہور پولیس شہر میں مشکل سے مشکل دور میں بھی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے اور دشمنوں سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دہشت گرد پاکستان میں سینکڑوں معصوم جانوں کا خون بہا چکے ہیں اور ان کا دین اسلام سمیت کسی مذہب سے تعلق نہیں۔ ہمارے جوان اس ملک کے باسیوں پر گندی نگاہ اُٹھانے والے ہر اُس دہشت گرد کی آخری صفوں کا بھی مقابلہ کریں گے اور اس شہر کے تحفظ اور شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

اگر شہری بھی اپنا ذمہ دارانہ فرض نبھائیں تو کوئی ملک دشمن عناصر اس شہر کا امن تباہ نہیں کرسکتا۔ ہمیں اپنے گلی /محلوں میں ہر اُس مشکوک شخص پر نظر رکھنی ہے اور اُس کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کرنا ہے جس کی نقل و حرکت مشکوک ہو۔ اگر پولیس اور شہری” تحفظ مل جل کر “کے جذبہ کے تحت مل کر فرض نبھائیں تو ہر قسم کے دشمن کو مات دی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ میں محرم الحرام کے حوالہ سے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس پی ہیڈ کوارٹرز عمر سعید، ایس پی سکیورٹی رانا طاہر، تمام ڈویژنل ایس پیز اور علمائے کرام میں آغا شاہ حسین قزلباش، خواجہ بشارت کربلائی، عثمان نوری، مشتاق حسین جعفری، علامہ مفتی حافظ کاظم رضا نقوی، منور چند سمیت دیگر علمائے کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ آج علمائے کرام کی کوآرڈینیشن میٹنگ بلائی گئی ہے تاکہ محرم الحرام میں حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں تمام معاملات مشاورت سے طے کیئے جائیں۔ کسی مجلس یا جلوس میں 4مقامات پرجامع تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی۔ تمام ڈویژنل ایس پیز مقامی علمائے کرام کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں ۔ شہر میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشنز کیئے جا رہے ہیں۔ اگر کسی منتظم یا علمائے کرام کو مشاورت کی ضرورت ہے تو وہ براہِ راست ہمارے دفاتر آسکتے ہیں۔ محرم الحرام کے سکیورٹی پلان میں ڈولفن سکواڈاور پی آریو کا گشت بھی شامل کیا گیا ہے جو مجالس و جلوسوں کے ارد گرد مئوثرگشت کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :